ڈپٹی کمشنر سوات کے زیر صدارت انتخابات بارے تیاری او ر انتظامی اجلاس

ڈپٹی کمشنر سوات کے زیر صدارت انتخابات بارے تیاری او ر انتظامی اجلاس

پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سوات شاہد محمود کی سربراہی میں ضلع میں عام انتخابات 2018 کی تیاری اور انتظامات کے سلسلے میں اجلاس ہوا۔ ڈی سی سوات نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی موجودگی میں تمام متعلقہ محکموں اور ڈی ایم اوز کو جنرل الیکشن 2018کے قواعدوضوابط اورٹی او آرزپر سختی سے عمل درآمد کے احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں ریجنل الیکشن کمشنر سوات، ڈی پی او سوات، اے ڈی سی سوات، مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان ،تمام اسسٹنٹ کمشنرز اورٹی ایم اوز نے شرکت کی ڈی سی نے اجلاس میں بعض ضلعی افسران کی عدم موجودگی پرسخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ اجلاسوں میں بروقت شرکت اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ جنرل الیکشن 2018کو کامیاب اور شفاف بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور محکمے تمام ممکن اقدامات کریں گے۔اجلاس میں مختلف امور زیربحث آئے اور انکے حل کیلئے اقدامات تجویزکئے گئے جن میں انتخابی عملے کی سیکورٹی، بجلی وپانی کی بلا تعطل ترسیل، واش رومزاور راستوں کو ٹھیک کرنا شامل ہے۔ اجلاس میں بعض ضروری فیصلے بھی کیے گئے جن کے تحت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات کو لوکل انتظامیہ کی طرف سے فوکل پرسن بنا دیا گیا واپڈا حکام کو ہدایت کی گئی کہ الیکشن کے دن بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، ڈی ای او ز(میل ، فیمیل)اپنے سکولوں میں متعلقہ ٹی ایم اوز کے تعاون سے پانی کا انتظام کرینگے ،تمام ٹی ایم ایزصحت و صفائی کو یقینی بنائیں گی اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ متعلقہ ٹی ایم اوز اور ایجوکیشن آفیسرز کے ساتھ تحصیل سطح پرہرپولنگ سٹیشن ،بوتھ اور انتخابی علاقوں میں غیر دستیاب سہولیات کاتفصیلی جائزہ لیں اور انکی فوری رپورٹیں جمع کرائیں تاکہ اس سلسلے میں بر وقت اقدامات کئے جائیں اور تمام مشکلات کاالیکشن سے قبل ہی جلد ازجلد ازالہ کیا جا سکے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر