عوام کے بہترین معیار زندگی پر خصوصی توجہ اے این پی کا مطمع نظر ہے :سردار حسین بابک

عوام کے بہترین معیار زندگی پر خصوصی توجہ اے این پی کا مطمع نظر ہے :سردار حسین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور پی کے 22سے امیدوار سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی حکومت میں آنے کے بعد عوام کے بہترین معیار زندگی پر خصوصی توجہ دے گی اور تعلیم و صحت سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں اہم انقلابی اقدامات کرے گی جس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ نیابت میں مختلف مقامات پر شمولیتی تقریبات ، انتخابی اجلاس اور جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی اور مختلف سیاسی جماعتوں کی اہم سرکردہ شخصیات نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، سردار حسین بابک نے کہا کہ الیکشن سے قبل عوام کی اے این پی میں جوق در جوق شمولیتیں اے این پی پر ان کے اعتماد کا مظہر ہیں ،انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں صوبے کے عوام کا بری طرح استحصال کیا گیا اور عوام کو بے روزگاری ، مہنگائی کے سوا کچھ نہیں ملا ، انہوں نے کہا کہ اے این پی اقتدار میں آ کر کم سے کم فاصلے پر سکولوں کی تعمیر ممکن بنائے گی تاکہ طلباء اور طالبات کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں ، انہوں نے کہا کہ استاد ایک کلاس کا نظریہ اپنایا جائے گا اور ایڈہاکیزم کا خاتمہ کیا جائے گا، سردار حسین بابک نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے اضلاع میں تعلیم ،صحت اور اقتصادی ترقی کیلئے منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے حتی الوسع کوششیں کی جائیں گی تاکہ انہیں بھی ترقیافتہ علاقوں کے برابر لایا جا سکے ، انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی اور ہر حلقہ میں کالج کے پلان سے تعلیمی میدان میں بہت جلد انقلاب آئے گا،صحت کیلئے جی ڈی پی کا 6فیصد مختص کریں گے جبکہ خاندانی میڈیکل رجسٹریشن فارم اورریکارڈ رکھنے کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا دور اے این پی کا ہے اور عوام 25جولائی کوتبدیلی کے جھوٹے دعویداروں کا صوبے سے صفایا کر دیں گے