ہمارا کام صرف اورصرف شفاف اورآزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بناناہے،اسداللہ چمکنی

ہمارا کام صرف اورصرف شفاف اورآزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے قانون، ریلیف ،بحالی وآبادکاری جسٹس(ر) اسداللہ چمکنی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں مون سون بارشوں کے نقصانات سے نمٹنے کے لئے مربوط منصوبہ بندی کریں تاکہ ضرورت پڑنے پر ریلیف کے کام کو یکسوئی کے ساتھ جاری رکھا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں پی ڈی ایم اے کے طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نگران حکومتوں کاکوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہوا کرتا۔ہمارا کام صرف اورصرف شفاف اورآزادانہ انتخابات کے انعقاد کویقینی بنانا اور مقررہ عرصے میں لوگوں کو ریلیف دیناہے ۔اسداللہ چمکنی نے متعلقہ حکام کویہ بھی ہدایت کی کہ وہ ریلیف اور بحالی کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں حکومت اور محکمہ منصوبہ بندی وترقیا ت کو جلد آگاہ کریں تاکہ انہیں حتمی شکل دے کر کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے لئے پیش کیاجائے۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کو ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی طرف سے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ اس وقت صوبے کے مختلف اضلاع میں ریسکیو سروس کے قیام اورتوسعی پروگرام پرکام جاری ہے ۔علاوہ ازیں ریسکیواہلکاروں کی استعداد کاربڑھانے کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام بھی تشکیل دیاگیاہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر