تمام امیدوار ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں ،ڈی پی او ہنگو

تمام امیدوار ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کریں ،ڈی پی او ہنگو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہنگو(بیورورپورٹ)تمام امیدوار الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں۔ آزادانہ ومنصفانہ اور شفاف انتخابات کے لئے امیدواراور سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ امن و امان کو بحال رکھنا اور سیاسی برداشت کو یقینی بنانا ہم سب کا ایجنڈہ ہونا چاہئیے ۔ سیاسی تقاریر کے دوران مذہبی منافرت اور ایک دوسرے کے خلا ف نا مناسب رویہ اپنانے سے گریز کیا جائے ۔ان خیالا ت کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو آصف گوہر نے ضلع ہنگو حلقہ این اے 33،پی کے83اور پی کے84سے انتخاب لڑنے والے امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی پی او آفس میں ہونے والے اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے علاوہ آزاد انتخاب لڑنے والے امیدواروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے کوڈ آف کنڈکٹ کے متعلق امیدواروں کو آگاہ کیا گیا۔ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او آصف گوہر نے کہا کہ ضلع ہنگو میں امن ،برداشت اور رواداری کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے سیاسی جماعتوں کے اکابرین اور امیدواروں کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاتمام سیاسی جماعتیں ،متوقع امیدواران الیکشن ایجنٹس اور ان کے حامی تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ الیکشن مواد، الیکشن اہلکاران اور پولنگ ایجنٹس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور تعاون کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ایکٹ نمبر 206کے تحت کم سے کم5فیصد خواتین ووٹرز کی ووٹ لازمی ہے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتیں الیکشن کے عمل میں خواتین کی شمولیت پر زور دیں گے اور ان کی حوصلہ آفزائی کریں گے۔ اجلاس کے آخر میں شرکت کرنے والے امیدواروں نے ڈی پی او ہنگو کو انتخابات کے دوران ہر قسم کی تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔