دو سال میں حسن ابدال کی محرومیوں کا خاتمہ کر دوں گا،شیخ آفتاب

دو سال میں حسن ابدال کی محرومیوں کا خاتمہ کر دوں گا،شیخ آفتاب

حسن ابدال(تحصیل رپورٹر)اقتدارملا تو دو سال میں حسن ابدال کی محرومیوں کا خاتمہ کر دوں گا۔ماضی میں علاقے کی تعمیر و ترقی کا سفر ضلع کے دیگر علاقوں کی نسبت سست رہا جس کا تدارک کیا جائے گا۔تحصیل حسن ابدال کے26دیہاتوں کو گیس فراہمی کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے جو انتخابات کے باعث رکا ہوا ہے۔بے روزگاری کا حل میگا پراجیکٹس میں چھپا ہوا ہے مگر ن لیگ کو ایٹمی دھماکوں اور سی پیک منصوبوں کی سزا دی کر کام نہیں کرنے دیا جاتا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور اور حلقہ این اے 55سے ن لیگ کے امیدوار شیخ آفتاب احمد نے الیکشن مہم کے دوران حسن ابدال میں کونسلر خالد محمود کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) سلیم شہزاد ۔تیمور خان ۔ظہیر احمد سمیت دیگر مسلم لیگی رہنماء بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ حسن ابدال کے عوام سے میرا تعلق پرانا ہے مگر حلقہ کی تبدیلی کے باعث کچھ دوریاں پیدا ہو گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے حالات دیکھ کر دکھ ہوا ہے کیونکہ ماضی میں جو تعمیر و ترقی کا سفر ہم نے شروع کیا تھا ہمارا حلقہ تبدیل ہونے کے بعد وہ سست روی کا شکار رہا جبکہ اس کے برعکس ضلع اٹک کے دیگر حلقوں میں ریکارڈ ترقی دیکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل حسن ابدال میں متعدد سڑکوں کی تعمیر کروائی گئی جبکہ 26دیہاتوں کو گیس فراہمی کے لیے پائپ پہنچ چکے ہیں مگر انتخابی عمل شروع ہونے کے باعث اس پر کام روک دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں کامیابی کے بعد دو سال کے اندر اند ریہاں کی محرومیوں کو ختم اور مسائل کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حسن ابدال اتنا بڑا شہر نہیں مگر ویژن کی کمی کے باعث سابقہ دور میں یہاں کے عوام کی شکایات کو دور نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اس ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں مگر ہمیں ایٹمی دھماکوں اور سی پیک جیسے منصوبوں کی وجہ سے سزا دی جا رہی ہے۔انہوں نے ختم نبوت کے قانون کے حوالے سے لا علمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون میں تبدیلی کی کوشش سمجھ سے بالا تر ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ اس قانون کو تبدیل کرنے والے کا ایمان ہی باقی نہیں رہتا۔چوہدری نثار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کا شریف فیملی کے ساتھ گھر یلوں تعلق تھا مگر ان کی اچانک دوریاں ہم سب کے لیے حیران کن ہیں۔شیخ آفتاب نے حلقہ پی پی 3کے ٹکٹ کے حوالے سے کوئی بھی واضع بیان دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ ایم پی اے شاویز خان اور آصف علی ملک ایڈووکیٹ نے درخواستیں دے رکھی ہیں مگر جب تک حتمی لسٹوں کا اعلان نہیں کر دیا جاتا وہ اس بارے میں کوئی بات نہیں کر سکتے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر