جمشید مارکر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،شاہ محمد شاہ

جمشید مارکر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،شاہ محمد شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدرشاہ محمد شاہ، جنرل سیکرٹری سنیٹر سلیم ضیا اور سیکرٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیرنے معروف سفارتکار جمشید مارکر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان کے لیے سفارت کاری میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں ۔وہ ایک منجھے ہوئے سفارت کار تھے ۔جمعہ کوتعزیتی بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ جمشید مارکر کو یہ منفرد اعزاز حاصل تھا کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ 19 ممالک میں سفیر اور ہائی کمشنر کی ذمہ داری نبھانے والے سفارت کار رہے جس پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا۔ جمشید مارکر پاکستان کے واحد سفارتکار تھے جنہوں نے سفیر کے طور پر مسلسل 30 سال خدمات سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ جمشید مارکر نے اقوام متحدہ میں ایک طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کی اور ہر اہم ایشو پر پاکستان کو موقف مدلل انداز میں دنیا کے سامنے رکھا ۔آنجہانی کو کرکٹ سے بھی خصوصی لگا وتھا اور سفارت کاری کے شعبے میں آنے سے قبل وہ کرکٹ کمنٹیٹر بھی رہے،انہیں فرانسیسی، جرمن اور روسی زبانوں پر بھی عبور حاصل تھا،جمشید مارکر نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارت کاری پر مختلف اداروں میں متعدد لیکچرز دیئے جبکہ ان موضوعات پر انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔ان کا انتقال پاکستان کے لیے ایک بڑا نقصان ہے ۔انہوں نے جمشید مارکر کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر