کورونا وباء کیساتھ بہت سے چیلنجز سامنے آئے ہیں،صدر مملکت
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وباء کے ساتھ بہت سے چیلنجز بھی آئے ہیں جن کا مقابلہ معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین موثر رابطوں سے ہی ممکن ہے، وزراء صوبائی حکومتوں کے ساتھ تجاویز کا تبادلہ کریں اور عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں۔ پیر کو صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت عیدالاضحی کے موقع پر کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز کے نفاذ کے حوالے سے ا جلاس ہو ا جس میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈ (ر) اعجاز حسین شاہ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے شرکت کی۔اسلام آباد، وزرائنے عیدالاضحی کے موقع پر عید شاپنگ اور قربانی کے جانوروں کی خریداری کے دوران کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز کے نفاذ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کے ساتھ بہت سے چیلنجز بھی آئے ہیں جن کا مقابلہ معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین موثر رابطوں سے ہی ممکن ہے، انہوں نے ورزراء کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ تجاویز کا تبادلہ کریں اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خریداری، مذہبی اجتماعات اور بھیڑ والی جگہوں کا رخ کرتے وقت ایس او پیز کی پابندی کریں۔صدر عارف علوی نے کہاکہ عوام کی طرف سے غفلت سے صورتحال خراب ہوسکتی ہے کیونکہ ملک میں کورونا کیسز میں کافی اضافہ ہوا ہے، علمائے کرام، میڈیا اور میڈیکل کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے جنہوں نے کورونا وباء کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے لئے قابل تحسین کام کیا ہے، امید ہے کہ علمائے کرام، میڈیا اور میڈیکل کمیونٹی رش والے مقامات پر آنے سے بچنے کے لئے لوگوں کو آگاہی دینے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
صدر مملکت