ادویات،آٹا چینی اور پٹرول مافیا حکومت سے زیادہ طاقتور،سراج الحق

  ادویات،آٹا چینی اور پٹرول مافیا حکومت سے زیادہ طاقتور،سراج الحق

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مافیاز ملک کے لیے دیمک سے زیادہ خطرناک ہیں۔ادویات،آٹا چینی اور پٹرول مافیا حکومت سے زیادہ طاقتور ہے۔ وزیراعظم کنفیوژ ہیں اور ان کے ہر بیان سے یہی لگتاہے کہ انہیں حالات کا صحیح ادراک نہیں۔ ان کی گفتگوؤں سے یوں لگتاہے ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک میں رہتے ہیں۔ احتساب کرنے کے دعویدار مافیا زکے سرپرست بن بیٹھے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومتی گاڑی ریورس گیئر میں ہے۔ ملک آگے جانے کی بجائے تیزی سے پیچھے جارہاہے۔ معاشی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی َہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ کرونا وبا سے پہلے ہی ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہوچکاتھا۔ حکمران کرونا وبا کے پیچھے چھپ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو اس وقت 45 سوارب روپے کے خسارے کا سامناہے۔ حکومت کا پیش کردہ بجٹ محض خواب و خیال کی باتیں ہیں۔ بجٹ میں عام آدمی کے لیے کچھ نہیں۔ حکومت بجٹ میں ریونیو کا ہدف کہاں سے پورا کرے گی۔ فلاحی معاملات پر بہت کم پیسہ خرچ کیا جاتاہے۔ اسٹیل ملز کے ملازمین فارغ کیے جارہے ہیں۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -