پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری،1150کنال اراضی واگزار

  پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری،1150کنال اراضی واگزار

  

لاہور(سپیشل رپورٹر)ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری،رواں ہفتہ کے دوران اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے مجموعی طورپر ایک ارب 50کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 1150کنال سے زائد سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروالی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب محمد گوہر نفیس نے پنجاب بھر کے تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے ریجن میں موجود سرکاری اراضی کا ریکارڈ حاصل کر کے ان پر قابض ناجائز قابضین کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائیں تاکہ کرپشن فری پنجاب کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے یہ بھی ہدایت کی کہ اینٹی کرپشن افسران کرپٹ عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں اور کسی بھی قسم کے دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کرپٹ عناصر اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں، ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور آپریشن کیا جا رہا ہے۔جس کے مطابق اینٹی کرپشن لاہور ریجن بی نے مختلف موضع جات ڈالہ واہگہ،پٹیالہ اور ادھیاں میں ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کر کے ایک کروڑ 60لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 248کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کروائی۔ سرگودھا مین بازار مٹھہ ٹوانہ ضلع خوشاب میں ایک کروڑ 50لاکھ روپے مالیت کی 4کنال 2مرلے سرکاری اراضی اور جیل روڈ سرگودھا پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 8دوکانیں ناجائز قابضین سے واگزار کروائی گئیں۔ ساہیوال ریجن میں آپریشن کے دوران 5کروڑ 85لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 68کنال ملتان ریجن میں 20کروڑ 24لاکھ روپے مالیت کی 647کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔اسی طرح فیصل آباد میں ایک اور آپریشن کے دوران ایک ارب 11کروڑ روپے مالیت کی 101کنال اور گوجرانولہ میں 5کروڑ 36 لاکھ روپے مالیت کی 85کنال17مرلے سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی گئی۔قبضہ مافیا کے خلاف جاری اس آپریشن میں اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے سبحان گارڈن موضع ہربنس پورہ لاہور میں آپریشن کر کے کروڑوں روپے مالیت کی انتہائی قیمتی سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی۔ اور ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کر کے 19ناجائز قابضین کو گرفتارکر لیا۔اینٹی کرپشن پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر ناجائز قابضین کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہے۔

اراضی واگزار

مزید :

صفحہ آخر -