گجرات میں 500بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی منظوری

        گجرات میں 500بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی منظوری

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ملاقات کی-ملاقات میں بجٹ سیشن،سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیاگیا-کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی- چوہدری پرویز الہی نے ریلیف بجٹ پیش کرنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباددی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے بجٹ سیشن احسن طریقے سے چلانے پر چوہدری پرویز الہی کی کاوشوں کو سراہا-وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے عوام کی خدمت کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا-ملاقات میں دونوں رہنماؤں کا بہترین ورکنگ ریلیشن شپ پر اطمینان کا اظہارکیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے گجرات میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی-سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی تجویز پر گجرات میں 500 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنے گا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ گجرات میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے -گجرات سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی مدراینڈ چائلڈ ہسپتال قائم کررہے ہیں - ماں اور بچے کی صحت کے منصوبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں - وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اتحادی ساتھ رہیں گے اور اتحاد بھی مضبوط تر ہو گا-پاکستان مسلم لیگ ق سے اتحاد پہلے سے مضبوط اور ورکنگ ریلیشن شپ بہتر ہوئی ہے - آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا- پہلے بھی ایک تھے، اب بھی ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گے - غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔اتحادیوں کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح و بہبودکا مشن جاری رکھیں گے۔اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔ تنقید کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی مونس الہی، صوبائی وزیر میاں محمودالرشید اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے-سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سرکاری دفاتر کی ناکارہ گاڑیوں، فرنیچر اور مشینری کی نیلامی مکمل ہو گئی ہے - شفاف ترین نیلامی سے 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز سرکاری خزانے میں جمع ہوئے ہیں - ناکارہ گاڑیاں، فرنیچر اور مشینری سال ہا سال سے سرکاری دفاتر میں پڑ ی تھیں - ناکارہ گاڑیوں، فرنیچر اور مشینری کی نیلامی سے سرکاری دفاتر صاف اور کروڑوں روپے بھی سرکاری خزانے میں جمع ہوئے ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ملک کی پہلی خصوصی مہم جس کیلئے حکومت نے بغیر فنڈز جاری کیے 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جنریٹ کئے۔ ہمارا یہ اقدام دفاتر کو صاف اور نظام کو شفاف بنانے کی عمدہ مثال ہے۔ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ پولیس اور دیگر انتظامی محکموں میں قواعد و ضوابط کے مطابق نیلامی کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی 75 کروڑ روپے سے زائد کی رقم صوبائی خزانہ میں جمع کرائی جا چکی ہے۔ سردار عثمان بزدار سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی چیئرپرسن روحی رئیس خان نے ملاقات کی-ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈعامر طفیل بھی اس موقع پر موجود تھے-روحی رئیس خان نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈکی جانب سے وزیر اعظم کوویڈ 19ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کا چیک وزیر اعلی عثمان بزدار کو پیش کیا-

عثمان بزدار

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزراء اور اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی-منتخب نمائندوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا-ملاقات میں کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے شہریو ں کو ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرنا ہوگا- حکومت ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی-ماسک پہننااور سماجی فاصلے برقرار رکھنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے-انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کر کے شہری خود بھی محفوظ رہ سکتے ہیں اور اپنے پیاروں کی بھی حفاظت یقینی بنا سکتے ہیں - اراکین اسمبلی کا ہر جائز کام میرٹ پر ہو گا- وزیر اعلی سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء میاں محمود الرشید، سردار آصف نکئی، ملک نعمان لنگڑیال، سید صمصام علی بخاری، اراکین پنجاب اسمبلی رائے ظہور احمداور ملک مختار احمد شامل تھے-چیف وہپ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ اور گڈگورننس کمیٹی کے سیکرٹری کرنل (ر) اعجاز حسین منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے-

ملاقات

مزید :

صفحہ اول -