پی سی بی کے ہیڈ آف میڈیکل نے دورہ انگلینڈ رسک قرار دیدیا

پی سی بی کے ہیڈ آف میڈیکل نے دورہ انگلینڈ رسک قرار دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں رسک فیکٹر ہے لیکن اس رسک کو محدود سے محدود کرنے کی کوشش کی گئی ہے مگر ٹیسٹ کلیئر کرنے کے باوجود کھلاڑیوں کو نہایت محتاط رہنے کی ضرورت ہے
۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میڈیا سیشن میں بتایا کہ انگلینڈ روانگی سے قبل کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے اراکین کی کووڈ 19 ٹیسٹنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی ٹیسٹنگ کے انتظامات 4 سٹیشنز پر کیے گئے جسکے نتائج توقع ہے کہ 24 جون کو موصول ہو جائیں گے اور اسکے بعد ہی کھلاڑیوں کو اپنے اپنے مقامات سے لاہور بلایا جائیگا۔ڈاکٹر سہیل سلیم نے بتایا 25 جون کو دوسری ٹیسٹنگ ہوگی۔
اور اس کا رزلٹ 27 جون کو موصول ہو جائے گا جس کے اگلے روز روانگی طے ہے جب کہ 26 اور 27 جون کو کھلاڑیوں کی ای سی جی اور بلڈ سکریننگ وغیرہ بھی مکمل کی جائے گی، اس طرح سکواڈ کو دو مرتبہ پی سی آر ٹیسٹ سے گزارا جائے گا، ساتھ ہی اینٹی باڈیز ٹیسٹ بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 24 جون کی رپورٹ میں کوئی مثبت ہوتا ہے تو اسے گھر سے نہیں بلایا جائیگا اور اگر 27 کی رپورٹ میں کوئی منفی آتا ہے تو اسے لاہور میں فوری طور پر آئسولیٹ کر دیا جائے گا، پھر تمام عمل پروٹوکولز کے مطابق کیا جائے گا۔