سند ھ پولیس کے مزید 22اہلکار کورونا کا شکار، 13جان کی بازی ہار گئے
کراچی(این این آئی)سندھ پولیس کے مزید 22 ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ اس عالمی وبا سے انتقال کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعداد13 ہوگئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے کورونا وائرس سے متاثر ملازمین کی تعداد 1022 تھی جو 22 مریضوں کے اضافے کے ساتھ پیر کی صبح تک 1044 ہوگئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کو چھٹی ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد اس ڈیٹا بیس میں شامل نہیں کی جاسکی اس کی وجہ سے ریکارڈ میں کورونا وائرس صحتیاب کیسز 270 ہی ہیں اور پولیس میں کورونا وائرس کے کل ایکٹو کیسز 761 ہوگئے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے اس سمری کی منظوری کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے سندھ پولیس کے تمام ملازمین کے ورثا کو شہدا کی مراعات دی جائیں گی۔پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے ملازمین کو حادثاتی شہید کا درجہ دیا جارہا ہے جس کے تحت شہید کے خاندان کے کسی ایک خونی رشتہ دار کو پولیس میں ملازمت دی جائے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے شہید پولیس ملازم کے ورثا کو حادثاتی موت کی کیٹیگری کے 10 لاکھ روپے امداد کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
سندھ پولیس