تجاوزات قائم کرنے پر 1 ہفتے میں 98 افراد گرفتار

تجاوزات قائم کرنے پر 1 ہفتے میں 98 افراد گرفتار

  

پشاور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کارروائیاں کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے پر 1 ہفتے میں 98 افراد کو حراست میں لیکر ان پر بھاری جرمانے عائد کئے تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے صدر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کیں کارروائیوں کے دوران متعدد موٹر سائیکلوں اور فورک لفٹر کے ذریعے گاڑیوں کو اٹھا کر ٹرمینل میں بند کردیا گیا۔ بعد ازاں تجاوزات قائم کرنے والے افراد کو ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاور گلشن آرا کی عدالت میں پیش کیا گیا جن پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف مشترکہ طور پر کارروائیاں کرنے سے جلد شہر سے تجاوزات کا خاتمہ ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری خریداری کیلئے آتے وقت اپنی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو پارکنگ میں کھڑی کریں نہ کہ سڑک کے کنارے کھڑی کر کے دیگر شہریوں کیلئے مشکلات پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروئیاں جاری رہیں گی اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -