قائد اعظم ؒ کے نواسے اسلم جناح محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں سپرد خاک

قائد اعظم ؒ کے نواسے اسلم جناح محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں سپرد خاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (سٹاف رپورٹر) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے نواسے محمد اسلم جناح طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ان کی عمر 72 برس تھی،کمزوری اور نقاہت کی وجہ سے وہ دو سال پہلے غیر فعال ہو کر گھر پر ہی صاحب فراش تھے۔انہوں نے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک صاحبزادی کو سوگوار چھوڑا ہے۔محمد اسلم جناح کی نماز جنازہ جامع مسجد حبیبیہ انڈہ موڑ میں ادا کی گئی، جس میں شہریوں، سماجی کارکنوں، صحافیوں اور قائد اعظمؒ کے خاندان سے محبت کرنیوالوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاں انہیں محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔رینجرز اور پولیس کے دستوں نے مرحوم کی قبر پر سلامی دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں،تاہم کوئی سرکاری اور سیاسی شخصیت ان کے جنازے اور آخری رسومات میں شریک نہیں ہوئی۔ واضح رہے محمد اسلم جناح قائد اعظم ؒمحمد علی جناح کے تایا جان محمد نتھو پونجا کی شاخ میں سے تھے اور رشتے میں قائد اعظمؒ محمد علی جناح کے (رشتے کی بھتیجی کے بیٹے)نواسے بنتے تھے جس کی تصدیق جامعہ اردو کے سابق رجسٹرار پروفیسر آصف علی نے بھی کی تھی جنہوں نے چار پانچ برسوں کی محنت شاقہ سے قائد اعظمؒ محمد علی جناح کے خاندان کا شجرہ نسب تیار کیا اور اس میں ثابت ہوا کہ محمد اسلم جناح اور ان کی ہمشیرہ خورشید بیگم قائد اعظمؒ کے تایا کی اولاد ہیں اور قائد اعظم ؒکے قریبی عزیز ہیں۔ محمد اسلم جناح کی والدہ اور رشتے میں قائد اعظم ؒکی بھتیجی شیریں مٹھی بائی بانی پاکستان کی ہمشیرہ شیریں جناح سے بڑی قرابت داری تھی اور شیریں جناح اپنے تایا جان محمد نتھو پونجا کی اولاد سے بہت پیار کرتی تھیں۔ اسلم جناح کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
قائد اعظم نواسہ

مزید :

صفحہ اول -