وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، لداخ تنازع پر چین بھارت کشیدگی ایجنڈے میں شامل ہے، ای سی سی اور انرجی پر کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگا، لداخ تنازع پر چین بھارت کشیدگی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، اجلاس میں بھارت چین سرحدی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ای سی سی اور انرجی پر کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی قصرناز کراچی اور چمبہ ہاؤس لاہور کو لیزپر دینے کے معاملہ پر بھی غور کیا جائے گا۔

 اس کے علاوہ سیٹلائٹ سروسز کی اجازت سے متعلق وزارت آئی ٹی پالیسی ہدایات پیش کرے گی، محکمہ موسمیات کے ملازمین پر لازمی مینٹی ننس ایکٹ کے نفاذ میں توسیع کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق ننکانہ صاحب میں زمینوں کی نظرثانی شدہ  قیمتوں  پر چیئرمین متروکہ وقف املاک اجلاس کے اراکین کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -اسلام آباد -