پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ،مارکیٹ میں قیمت میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ، مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبے میں گندم اورآٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا،اجلاس میں فلور ملز کو گندم ریلیز کرنے کے حوالے سے مختلف آپشن پر غور کیاگیا۔
اجلاس میں پنجاب کابینہ سے فلورملوں کو گندم ریلیز کرنے اورحتمی قیمت مقرر کرنے کی منظوری لینے کافیصلہ کیاگیا،اجلاس میںفیصلہ کیاگیا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد فلور ملز کو مقرر کردہ قیمت پر گندم فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاکہ پنجاب حکومت کے پاس گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں ،پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ،انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ،آٹے کی قیمت میں استحکام کیلئے ہر ممکن آپشن کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا جائے گا ۔