""دھرنے میں جن بچوں پر مقدمات ہوئے ہم۔۔۔"" وفاقی وزیر فواد چودھری نے ناکامی تسلیم کرلی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیربرائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنی حکومت کی ناکامی تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے میں جن بچوں پر مقدمات بنے ہم آج تک وہ ختم نہیں کراسکے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چودھری نے حکومتی جماعت کی اندرونی چپقلش اور اس سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی کے تین چار بڑے لیڈرز جن میں جہانگیرترین، اسد عمر اورشاہ محمود شامل ہیں کی باہمی لڑائی سے حکومت کو بہت نقصان پہنچا۔ کئی اہم قانون سازیاں، پولیس اور عدلیہ میں اصلاحات سمیت کئی کام رک گئے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے(نواز حکومت کے خلاف)دھرنے میں جن بچوں پر مقدمات ہوئے ہم تو وہ مقدمات بھی ابھی تک ختم نہیں کرواسکے۔ انہوں نے کہا میں پہلے کابینہ کے پہلے اجلاس سے ہی کہہ رہا ہوں کہ وہ ہم ختم کریں۔
انہوں نے بتایا کئی اہم امور وہیں کے وہیں ہیں اور ہم ایک روٹین کی حکومت چلا رہے ہیں۔