امریکی قونصلیٹ اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مابین وہاڑی کیمپس میں لنکن کارنر کے قیام کا معاہدہ  طے پا گیا

امریکی قونصلیٹ اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مابین وہاڑی کیمپس میں ...
امریکی قونصلیٹ اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مابین وہاڑی کیمپس میں لنکن کارنر کے قیام کا معاہدہ  طے پا گیا

  

لاہور(ویب ڈیسک) امریکی قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا، ستارہ امتیاز نے شراکت کے معائدے پر دستخط کیے، جس کے تحت یونیورسٹی کے وہاڑی کیمپس میں لنکن کارنر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

اس موقع پر قونصل جنرل راڈریگز نے کہا یہ لنکن کارنراس علاقے کی آبادی سے رابطے کا ذریعہ ہوگا اورامریکہ اور اس علاقے کے عوام کے مابین بات چیت کا پلیٹ فارم بن سکے گا۔ یونیورسٹی اور ہائی سکولوں کے طلبہ اور علاقے کے شہری لنکن کارنر کے ذریعے تبادلہ خیال کر سکیں گے اور دنیا بھر میں ہونے والے پروگراموں میں شرکت کر سکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے انگلش سیکھانے کے پروگرام، ماہرین کے لیکچرز، طلبہ کے مباحثوں کے پروگرام اورتجزیاتی تربیت کی مشقیں منعقد کی جا سکیں گی۔ یہ کوشش نئی نسل کے پاکستانی طلبہ کو بین الاقوامی اقتصادیات کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹی آف ایجوکیشن سے اس شراکت داری میں اضافے کی توقع رکھتے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وہاڑی کیمپس کی لائبریری میں قائم ہونے والے لنکن کارنر کے لیے قونصلیٹ جنرل لاہور کے ساتھ شراکت نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کے لیے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی مفید ہو گی۔ اس کارنر کے بڑے فوائد میں نہ صرف تربیتی مواقع کی دستیابی ہے بلکہ اس کے ذریعے امریکہ میں تعلیمی ذرائع اور امکانات تک رسائی حاصل کی جاسکے گی۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے لوگوں کی ترقی کے لیے ایسے اقدامات بہت کارآمد ہوں گے۔ میں قونصلیٹ جنرل، خاص طور پر قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز کا مشکور ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ اس شراکت داری میں اضافہ ہوگا اور ہمارے لوگوں میں رابطے بڑھیں گے۔

لنکن کارنر وہاڑی کے افتتاح کے بعد پاکستان میں لنکن کارنرز کی تعداد 18 ہو جائےگی۔ لنکن کارنرز امریکہ کی پاکستان سے پائدار شراکت کا ثبوت ہیں، خاص طور پر تعلیم اور جمہوریت کے لیے۔ امریکی قونصلیٹ کی زیرنگرانی لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور ملتان میں لنکن کارنرز کام کر رہے ہیں۔

لنکن کارنرز پاکستان کی یونیورسٹیوں، پبلک لائبریریوں اور دیگر اداروں میں قائم ہیں۔ لنکن کارنرز میں آنے والوں کے لیے فری وائی فائی اورامریکہ کے بارے میں کتابوں، میگزینز، ویڈیوز، انٹرنیٹ ڈیٹا بیس اور پروگراموں کے ذریعے مصدقہ اطلاعات دستیاب ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -