قومی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کا معاملہ، شاہد آفریدی بھی میدان میں آ گئے، عوام سے کیا مطالبہ کیا؟

قومی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کا معاملہ، شاہد آفریدی بھی ...
قومی کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کا معاملہ، شاہد آفریدی بھی میدان میں آ گئے، عوام سے کیا مطالبہ کیا؟

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے دورہ انگلینڈ کیلئے منتخب کئے گئے سکواڈ میں شامل چند کھلاڑیوں کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور اب شاہد خان آفریدی بھی میدان میں آ گئے ہیں جنہوں نے عوام سے اس وائرس کو سنجیدگی سے لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ازخود قرنطینہ اختیار کئے ہوئے شاہد خان آفریدی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ”فخر زمان، عمران خان، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، وہاب ریاض اور ملنگ کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔ میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ برائے مہربانی اس وائرس کو سنجیدگی سے لیں!!!“

واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے 35 کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے پیر کے روز کورونا ٹیسٹ کرائے گئے تھے جن میں سے 10 کھلاڑیوں اور ایک ٹیم آفیشل کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ فخر زمان، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان اور وہاب ریاض کے علاوہ حیدر علی، حارث رﺅف اور شاداب خان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد ان کھلاڑیوں کو ازخود قرنطینہ اختیار کر نے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مزید :

کھیل -