وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان سپورٹس بورڈ تشکیل دیدیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان سپورٹس بورڈ تشکیل دیدیا ہے اور اراکین سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) بھی پاکستان سپورٹس بورڈ کے رکن مقرر کئے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) یا ان کے نمائندے بورڈ کے رکن ہوں گے جبکہ ایتھلیٹک فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری بھی پاکستان سپورٹس بورڈ کے رکن مقرر کئے گئے ہیں۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر، سیکرٹری اور سروسز سپورٹس کنٹرول بورڈ کے صدر و سیکرٹری جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر بھی بورڈ کے رکن مقرر کئے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق معروف کاروباری شخصیت عقل کریم ڈھیڈی سمیت شفیق احمد عباسی کو بھی پاکستان سپورٹس بورڈ کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔