”ہمیں دورہ انگلینڈ میں بہت مشکل پیش آئے گی کیونکہ۔۔۔“ شاہین شاہ آفریدی نے پریشان کن بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز نوجوان فاسٹ باﺅلر شاہین شاہ آفریدی کو پریکٹس کی کمی کھٹکنے لگی ہے جن کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز میں تبدیلی کی وجہ سے دورہ انگلینڈ میں مشکل پیش آئے گی تاہم باؤلنگ کوچ وقار یونس کی رہنمائی میں ٹریننگ سے ردھم حاصل کرنے کیلئے بھرپور محنت کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمیں مناسب پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا اور اس دوران گھر پر ہی جم میں ٹریننگ اور فٹنس پر کام کیا، دورہ انگلینڈ میں گیند کو چمکانے کیلئے تھوک کے استعمال پر پابندی سمیت کنڈیشنز میں تبدیلی سے بھی مشکل پیش آئے گی، البتہ وہاں ٹریننگ کیلئے اچھا وقت میسر ہو گا اور اس کیساتھ ہی میزبان ٹیم کے ویسٹ انڈیز کیخلاف میچز سے بھی نئی کنڈیشنز کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ردھم حاصل کرنے کی کوشش کروں گا اور پاکستان میں منعقدہ گزشتہ دونوں ہوم سیریز کے میچز میں اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے بھی پرعزم ہوں، کنڈیشنز میں تبدیلی سمیت مختلف مسائل کے حل کیلئے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی رہنمائی حاصل کروں گا، ماضی میں بھی نیٹس میں سابق کپتان سے جو کچھ سیکھااس کا عملی اظہار انگلش ٹیم کیخلاف کرنے کی کوشش کروں گا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی حریف بیٹسمین کو بھی غیر اہم نہیں سمجھا جا سکتا،کپتان نے جب بھی گیند تھمائی کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ وکٹیں اڑاﺅں، ٹی 20 کی طرح ٹیسٹ کرکٹ کا بھی لطف اٹھاتا ہوں، رواں سال ورلڈکپ نہ بھی ہوتو جس فارمیٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کا موقع ملے گا، 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔