طالبعلم سے زیادتی، مفتی عزیز الرحمان اور متاثرہ نوجوان کا میڈیکل کروا لیا گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مدرسے میں زیادتی کا نشانہ بننے والے طالبعلم صابر شاہ اور ملزم مفتی عزیز الرحمان کا طبی معائنہ کروالیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملزم اور متاثرہ طالبعلم کا طبی معائنہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی سے کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ چند دن بعد پولیس کو موصول ہوگی۔پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم کا ڈی این اے بھی پی ایف ایس اے کے ڈیٹا بینک میں ڈال دیا گیا ہے، ملزم اور طالبعلم کے میڈیکل کا حکم عدالت کی جانب سے دیا گیا تھا۔ملزم عزیز الرحمان اس وقت 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے جسے جمعرات کو عدالت میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ملزم مفتی عزیزالرحمان پر طالبعلم سے زیادتی کا الزام ہے، مفتی عزیز الرحمان کی طالبعلم سے زیادتی کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد صدر پولیس نے مفتی عزیز الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔طالبعلم سے زیادتی کے واقعہ کے بعد مفتی عزیز الرحمان کو مدرسے سے نکال دیا گیا تھا جبکہ ویڈیو اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد جمعیت علما اسلام نے بھی مفتی عزیز کی رکنیت معطل کر دی تھی۔