پاکستان نے عازمینِ حج کیلئے جراثیم کش احرام تیار کرلیا

پاکستان نے عازمینِ حج کیلئے جراثیم کش احرام تیار کرلیا
پاکستان نے عازمینِ حج کیلئے جراثیم کش احرام تیار کرلیا
سورس: File

  

فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں عازمینِ حج و عمرہ کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے نینو ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جراثیم کش احرام تیار کرلیے گئے ہیں۔

نجی ٹی وی سماء کے مطابق فیصل آباد میں تیار ہونے والے جراثیم کش احرام عازمینِ حج و عمرہ کو نہ صرف کورونا بلکہ دیگر اچھوتی بیماریوں سے بھی بچائیں گے۔ سعودی عرب کے حکام نے پاکستان میں تیار ہونے والے جراثیم کش احرام کو بہترین قرار دیا ہے۔ یہ احرام 90 بار دھلائی کے قابل ہوگا اور اسے رواں سال حج کے موقع پر استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ جراثیم کش احرام کا آئیڈیا ایک سعودی بزنس مین حمد ال یامی نے پیش کیا تھا۔ ال یامی کو یہ آئیڈیا اخبار میں ایک خبر پڑھ کر آیا جس میں بتایا گیا تھا کہ اْم القریٰ یونیورسٹی کی ایک ٹیم نینو ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے مسجد الحرام میں بچھے قالینوں پر چاندی کے نینو اجزاء کی تہہ چڑھا رہی ہے جس کی وجہ سے جراثیم کی افزائش نہیں ہوسکتی۔ یہ خبر پڑھ کر ال یامی کو نینو ٹیکنالوجی کے استعمال سے احرام کی تیاری کا خیال آیا اور انہوں نے معلومات حاصل کرنا شروع کیں۔

دبئی میں ایک جرمن فیشن ڈیزائنر سے ان کا رابطہ ہوا جس نے انہیں جراثیم سے پاک حرام بناکر دیئے جن کی فروخت کا آغاز 2017 میں حج کے دوران پہلی بار ہوا۔ انہیں مزید سستا بنانے کے لیے ال یامی نے فیصل آباد کا رخ کیا جہاں انہیں یہ احرام مزید مناسب قیمت پر بنانے کی پیشکش ہوئی جو انہوں نے قبول کرلی۔ گورنر مکہ کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر عمل شروع ہوا اور امید ظاہر کی گئی کہ 2030 تک تمام عازمین کیلئے جراثیم سے پاک احرام دستیاب ہوں گے لیکن پاکستانیوں نے مقررہ تاریخ سے پہلے ہی احرام تیار کردیے ہیں جو ایک بڑا کارنامہ ہے۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -فیصل آباد -