لاہور دھماکہ کے اصل حقائق کب تک سامنے آئیں گے ؟ فردوس عاشق اعوان نے تحقیقات بارے بتا دیا 

لاہور دھماکہ کے اصل حقائق کب تک سامنے آئیں گے ؟ فردوس عاشق اعوان نے تحقیقات ...
لاہور دھماکہ کے اصل حقائق کب تک سامنے آئیں گے ؟ فردوس عاشق اعوان نے تحقیقات بارے بتا دیا 

  

سیالکوٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جوہر ٹاﺅن لاہور میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تیزی سے واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے اور بہت جلد تمام حقائق کو میڈیا کے سامنے لایا جائے گا,وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے زخمیوں کا علاج معالجہ کیلئےمتعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ ہلاک ہونےوالوں کے پسماندگان کو معاوضہ اور زخمیوں کو علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

 ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے عزم اور تبدیلی کے خواب کی عملی تعبیر گڈ گورننس ہے،تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کرپشن کے ناسور کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دیا ہے،اس کا سہرا حکومت کی ڈیجیٹل سوچ کو جاتا ہے،سرکاری محکموں کو عوام کو ریلیف دینے میں مرہم بننا ہے،عوام کے زخموں کو بھرنا ہے، پنجاب میں شاہی خاندان کے حواریوں کو جواب دینا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہا کہ ہمارا اتحادیوں کے ساتھ تعلق کچے دھاگے سے نہیں بندھا ہوا،یہ اتحاد ایک ملاقات سے کمزور نہیں ہوسکتا ہے،ایک دوسرے سے میل ملاپ سیاست کا حسن ہے، آصف زرداری سندھ کے عوام کی فکر کریں،ہم پنجاب میں عوام اور کسان دوست اور مزدور کیلئے بہترین بجٹ پیش کرچکے ہیں،اگلے دوسال بھی پی ٹی آئی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے،ملک کو عدم استحکام کا شکارکرنے کا کوئی حربہ اور سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عوام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے سہولت فراہم کررہا ہے، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں اربن یونٹ کےتعاون سےآن لائن پورٹل کاقیام عمل میں لایاگیا،فیلڈ سٹاف کے صوابدیدی اختیار ختم کردیا گیا ہے،یونیورسل نمبر پلیٹ کے اجراءسے پورا صوبہ ایک پنجاب بن گیا ہے،سمارٹ کارڈ کا اجراءانقلابی منصوبہ ہے،اس سے بھاری بھر کم بکس اور فائلز میں ہیرا پھیری کا خاتمہ یقینی بنا یا جارہا ہے، اوپن ٹرانسفر کا خاتمہ کرکے بائیو میٹرک نظام متعارف کروا دیا گیاہے،نادرا کے ذریعے سہولت سنٹر کو محکمہ کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے، کوئی کسی بھی جگہ نادرا سنٹر جاکر اپنے ٹرانسفر کرسکتا ہے،ای پیمنٹ کے ذریعے اپنے ذمہ واجبات گھر بیٹھ کر ادا کیے جاسکتے ہیں۔

صوبائی معاون خصوصی نے کہا کہ لگژری گاڑیوں کی ٹیکس چوری کا خاتمہ کردیا گیا ہے اور تمام اضلاع میں ٹیکس کی شرح برابر کر دی گئی ہےجبکہ پر کشش نمبر پلیٹ لینے والے پرکشش نمبر زکی آن لائن بڈنگ کے ذریعے اپنی پسند کا نمبر لے سکتے ہیں،سیالکوٹ میں 16سرکل کو بڑھا کر ڈی جی اور ای ٹی او کی کاوشوں سے وسیع کردیا گیاہے،نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لارہے ہے اور اب تک ٹیکس میں 2ارب کا اضافہ ہوا ہے جبکہ بیوہ گان اور مطلقہ خواتین کو ٹیکس معاف کرکے ریلیف دیا ہے،عوام کو ٹیکس کے متعلق مشکلات سے نجات دلانے کا عزم ہے۔ 

مزید :

علاقائی -پنجاب -سیالکوٹ -