"اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسمبلیوں میں نشستیں مختص کی جائیں" آواز بلند ہوگئی

"اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسمبلیوں میں نشستیں مختص کی جائیں" آواز بلند ہوگئی

  

ویانا (اکرم باجوہ) پاکستان مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت کا کہنا ہے کہ حکومت کا دنیا بھرمیں بسنے والے 90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا احسن اقدام ہے ۔ یہ کام مسلم لیگ ن بھی کرنا چاہتی تھی لیکن اسے دوسرے کاموں میں الجھا دیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری علی شرافت نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو صرف ووٹ کا حق دینا ہی کافی نہیں ہوگا بلکہ انہیں اسمبلیوں میں نمائندگی بھی دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح آزادکشمیر کے باشندوں کی پاکستان میں نشستیں مختص کی گئی ہیں اسی فارمولے کی بنیاد پر دنیا بھر میں بسنے والے 90 لاکھ پاکستانیوں کی سیٹیں بھی مختص کی جائیں تاکہ ان تارکین وطن کا پاکستان سے رشتہ مزید استوار کیا جاسکے اور وہ اپنے مسائل کا حل خود پارلیمنٹ کے تمام ایوانوں کے ذریعے کر سکیں۔

چوہدری علی شرافت کا کہنا تھا کہ اب صرف نواز شریف کا بیانیہ چلے گا۔ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں۔ حکومت کے وزیر غلط اعداد و شمار بیان کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر عوام حکومت کی سب چالاکیوں کو جانتے ہیں۔

مزید :

تارکین پاکستان -