ملک میں خوشحالی لانے کے لیے صنعتی ترقی انتہائی اہم ہے: بلیغ الرحمان 

ملک میں خوشحالی لانے کے لیے صنعتی ترقی انتہائی اہم ہے: بلیغ الرحمان 

  

لاہور (نمائندہ خصوصی،فلم رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس لاہور میں بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر چیمبر حافظ محمد یونس کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر کے سینئر نائب صدراحمد علی جبار، نائب صدر منصور احمد اور دیگر اراکین شامل تھے۔ ملاقات کے دوران بہاولپورانڈسٹریل اسٹیٹ کی جلد تکمیل، سمال انڈسٹریز اسٹیٹ میں علیحدہ الیکٹرک فیڈر کا قیام اور لیبر کالونی کا قیام سمیت دیگر مسائل کے بارے میں گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں خوشحالی لانے کے لیے صنعتی ترقی بہت اہم ہے یہی وجہ ہے کہ ملک کی قیادت کی تمام تر توجہ صنعتی شعبے کی بہتری اور ترقی پر مبذول ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتیں چلتی ہیں تو معیشت کا پہیہ چلتا ہے جس سے کئی خاندانوں کو روزگار ملتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاولپور میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی ڈویلپمنٹ سے علاقے میں صنعتی ترقی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور اندسٹریل اسٹیٹ کو تیزی سے آگے کی طرف لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے اپنے سابق دور حکومت میں جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس دور میں انہوں نے بہاولپور انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ویٹرنری یونیورسٹی، سدرن بائی پاس کی تعمیر، رنگ روڈ، جھانگی والا روڈ اور حاصل پور روڈ کو بھی دو رویہ بنانے میں کردار ادا کیا۔دریں اثناء  سکول ایجوکیشن میں قرآن پاک کی لازمی تدریس کے امور کا جائزہ لینے کیلئے گورنر پنجاب میاں محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت گورنر ہاؤس، لاہور میں اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری تعلیم نبیل جاوید، ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بْک بورڈ سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے ہر سکول میں قرآن پاک کی لازمی تعلیم و تدریس کو یقینی بنانے کیلئے 41 ہزار نئے ٹیچرز کی ضرورت سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اِس مقصد کیلئے ایک جامع حکمت عملی  وضع کرلی گئی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب، متحدعلماء بورڈ اور پنجاب قرآن بورڈ بھی ”آن بورڈ“ ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قرآنی افکار کی ترویج، فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے، قرآن سے مضبوط وابستگی کو اپنے فکر و عمل کا حصہ بنانا، وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت دینِ اسلام کی آفاقیت اور حقانیت پر پختہ اور قرآن کے دائمی پیغام پر کامل یقین رکھتی ہے اور ابلاغ کا بھی بھرپور اہتمام کریں گے۔

بلیغ الرحمان 

مزید :

صفحہ آخر -