معروف ماہر تعلیم، کالم نگار پروفیسر خالد محمود ہاشمی

معروف ماہر تعلیم، کالم نگار پروفیسر خالد محمود ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


علم و آگہی /پروفیسر قاضی اکرام بشیر
پروفیسر خالد محمود ہاشمی ایک طویل عرصہ گورنمنٹ ایم اے او کالج لاہور میں تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ ان کی شہرت ایک معروف کالم نگار کی تھی۔ انہوں نے اپنے صحافتی کیرئیر کا آغاز اس زمانے میں کیا جب وہ ہیلی کالج آف کامرس لاہور میں بی کام کے طالب علم تھے وہ روزنامہ امروز کے تعلیمی ایڈیشن کے انچارج تھے اور ایک طویل عرصہ یہ ذمہ داری سرانجام دیتے رہے۔ بی کام کے بعد پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا اور پنجاب کے محکمہ ہائر ایجوکیشن سے وابستہ ہو گئے۔ترقی کے مراحل طے کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ پروفیسر و صدر شعبہ کامرس کے عہدے پر فائز ہوئے۔ طویل عرصہ گورنمنٹ ایم اے او کالج سے وابستہ رہے وہ نا صرف ایک ہردلعزیز استاد تھے بلکہ ایک ہردلعزیز شخصیت بھی تھے اور ان کا حلقہ احباب خاصا وسیع تھا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات شامل تھیں۔ روزنامہ امروز سے طویل وابستگی کے بعد وہ کچھ عرصہ روزنامہ جرأت میں روشن پاکستان کے عنوان سے کالم لکھتے رہے جسے بعد میں وہ روزنامہ ”نوائے وقت“ میں لے آئے، جہاں پر ان کا کالم ادارتی صفحے پر شائع ہوتا تھا اور اس میں پاکستان کی معاشی صورت حال پر ان کے بے لاگ اور جرأت  مندانہ تجزیے شامل ہوتے تھے۔
رواں ہفتے کے دوران خالد محمود ہاشمی ایک طویل علالت کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے۔خالد محمود ہاشمی سے میرا تعارف اور وابستگی گزشتہ نصف صدی سے تھی۔ جب میں گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم تھا تو خالد محمود ہاشمی اپنے ایڈیشن کے سلسلے میں گورنمنٹ کالج آیا کرتے تھے اس زمانے میں خالد محمود ہاشمی سے تعارف کے بعد ان سے تعلیمی ایڈیشن کے سلسلے میں طویل وابستگی رہی۔ مرحوم جب قاریہ روبینہ ہاشمی سے رشتہء ازدواج میں منسلک ہوئے تو قرآن پاک کی تدریس اور مذہب سے ان کی گہری دلچسپی ساری زندگی قائم رہی اور وہ کافی دفعہ عمرہ اور حج کی ادائیگی کے لئے بھی دیار حجاز جاتے رہے۔ خالد محمود ہاشمی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تعلیم اور ادب و صحافت کے شعبوں میں ایک طویل عرصہ تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔


کامرس کے استاد ہونے کے ساتھ ساتھ وہ قرآن پاک کی تفہیم اور تدریس سے بھی گہری وابستگی رکھتے تھے

مزید :

ایڈیشن 1 -