آصف زرداری کی والدہ انتقال کر گئیں، آج نوابشاہ میں سپرد خاک کیا جائیگا

آصف زرداری کی والدہ انتقال کر گئیں، آج نوابشاہ میں سپرد خاک کیا جائیگا

  

کراچی،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،جنرل رپورٹر) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی والدہ اور حاکم علی زرداری مرحوم کی دوسری اہلیہ زریں آرا بخاری انتقال کرگئیں۔ کئی ہفتوں سے علیل زریں آرا بخاری مقامی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنی دادی زرین آرا کی علالت کے باعث کراچی روانہ ہوئے تھے اور انہوں نے دادی کی علالت کے باعث لاہور کا دورہ منسوخ کیا تھا۔ مرحومہ زریں آرا کی تدفین ان کے آبائی شہر نواب شاہ میں کی جائے گی۔ والدہ کی تدفین میں شرکت کے لیے سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، آصفہ بھٹو، بختاور بھٹو، خاندان کے دیگر افراد اور پارٹی رہنما کراچی سے خصوصی فلائٹس سے نواب شاہ پہنچیں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ مرحومہ کو آبائی قبرستان بالو جاقبہ میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مرحومہ کی بلندی درجات اور مغفرت کے لئے دعا کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مرحومہ کے اہل خانہ سے  تعزیت اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے  صدر آصف زرداری کی والدہ زریں آرا بخاری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے زیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ اور بلاول بھٹو کی دادی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے - پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے سابق صدر آصف علی زرداری کی والدہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا ہم آصف علی زرداری اور ان کے خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرے

زرداری والدہ

مزید :

صفحہ اول -