لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ،بلدیاتی الیکشن روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی
ملتان (خصو صی رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج مسٹر(بقیہ نمبر42صفحہ7پر)
جسٹس رسال حسن سید نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں لوکل گورنمنٹ انتخابات روکنے سے متعلق درخواست پر سماعت مزید کارروائی کے لیے دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ہے۔ یاد رہے کہ عدالت عالیہ نے اس معاملے پر سٹے آرڈر جاری کررکھا ہے۔ قبل ازیں عدالت عالیہ میں خانیوال کے محمد اسلم کمبوہ،وہاڑی کے دلاور خان، ساہیوال کے غلام عباس ڈوگر جبکہ ریاض سرگانہ، شیر دل گورچانی، محمد اشرف، تصور عباس، میاں حسنین اور محمد نواز نے کونسل رانا محمد آصف سعید کے ذریعے الیکشن آرڈیننس 2021 کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ آئندہ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات اسی آرڈیننس کے تحت کرائے جانے ہیں جو بلکل غیر قانونی اقدام ہے، کیونکہ آرڈینینس کی مدت ختم ہوچکی اور اسے ایکٹ کی شکل نہیں دی گئی جبکہ اس میں توسیع کا نوٹیفیکیشن بھی غیر قانونی ہے، پہلے مرحلے میں لیبر کونسل اور ویلج کونسل کے انتخابات ہونا تھے جبکہ بعدازاں ضلع کونسل چیئرمین اور میونسپل کارپوریشن مئیر کے ہونا تھے لیکن ہر اقدام غیر قانونی طور پر اٹھایا گیا۔ آرڈینینس میں الیکشن کی ووٹنگ بذریعہ مشین کرائی جانی تھی لیکن ایسا کوئی سسٹم موجود ہی نہیں ہے اس لیے انتخابات کو روکا جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز سے 25 اپریل تک کاغذات نامزدگی جمع ہونے تھے 27 اپریل سے 9 مئی تک سکروٹنی ہونی تھی اور 9 جون کو انتحابات تھے، رٹ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے