ایسا نگراں سیٹ اپ آئے جو شفاف الیکشن کرائے،اعجاز الحق 

ایسا نگراں سیٹ اپ آئے جو شفاف الیکشن کرائے،اعجاز الحق 

  

اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجازالحق نے کہاہے کہ عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں انہیں یہی پیغام دیا ہے کہ ملک کی خاطر مقتدر حلقوں سے جلد معاملات بہتر ہوں، میں کوشش کررہا ہوں دونوں طرف سے برف پگھلنی شروع ہوئی ہے،اگر نوازشریف سے ہاتھ ملایا جاسکتا ہے تو پھر سب سے ملایا جاسکتا ہے، نوازشریف سے پوچھنا چاہیے کہ ان کے معاملات کیسے بہتر ہوئے،خان صاحب کے اور بھی ذرائع ہیں جن کے ذریعے بات ہورہی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجازالحق نے کہا کہ حالات سدھارنے کا کام تمام ادارے سب کو ساتھ بٹھا کر کرسکتے ہیں، کسی کے چاہنے یا نہ چاہنے کی بات نہیں، میرے سامنے پاکستان ہے، میری ریٹائرمنٹ کی عمر ہے اس وقت منافقت اور جھوٹ سے کام لوں تو غداری ہوگی، ملاقات میں خان صاحب کو کہا ہے حالات بہتر کریں اور انکو بھی کہوں گا کہ سب کو ساتھ لیکر چلیں۔اعجازالحق نے کہا کہ دوسری طرف بھی سوچا جارہا ہے کہ ملک کو کس طرح دلدل سے نکالا جائے، طریقہ کار خان صاحب مجھ سے بہتر جانتے ہیں، انہوں نے حکومت کی ہے، اعجازالحق نے کہا کہ بجٹ کی منظوری کے بعد کوئی نہ کوئی مثبت پیش رفت ہوگی، ابھی فیصلہ کرلیں تو بہتر ہے ملک دیوالیہ ہوا تو شکلیں دیکھیں گے، ایسا نگراں سیٹ اپ آئے جو معاشی ریفارمز اورشفاف الیکشنزکرائے۔سربراہ ضیا لیگ نے کہا کہ اپنے ادارے کا احترام کرتا ہوں، تنقید ہو تو تکلیف ہوتی ہے، خان صاحب کے اور بھی ذرائع ہیں جن کے ذریعے بات ہورہی ہے، دوستوں نے بتایا حکومت نے آئی بی کو میرے پیچھے لگا رکھا ہے۔اعجازالحق نے بتایا کہ عمران خان سے پشاور میں ہونے والی ملاقات کے بعد آئی بی نے فون ٹیپ کرنا شروع کردیئے، جب حکومت میں خود اعتمادی نہیں ہوگی تو پھر ایسے کام تو کریں گے، ہوسکتا ہے کہ اسوقت میرے گھر کے باہر بھی کوئی میری جاسوسی کررہا ہو۔

اعجاز الحق

مزید :

پشاورصفحہ آخر -