پالیسی بورڈ کی ٹیم کا تدریسی میڈیکل کمپلیکس صوابی کا تفصیلی دورہ

پالیسی بورڈ کی ٹیم کا تدریسی میڈیکل کمپلیکس صوابی کا تفصیلی دورہ

  

اپشاور (سٹا ف رپورٹر) خیبرپختونخوا پالیسی بورڈ کی ٹیم نے گزشتہ روز تدریسی ہسپتال باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی کا تفصیلی دورہ کیا دورے کا مقصد مریض کی سیفٹی سے متعلق بین الاقوامی سطح پر رائج پریکٹس کا جائزہ لینا تھا۔ وفد میں خیبر پختونخوا پالیسی بورڈ کے ڈا ئریکٹر ڈاکٹر وہاب، ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کومل فضا اور عائشہ شامل تھے۔ ترجمان باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے مطابق دنیا بھر میں لاکھوں مریض غلط طریقہ علاج اور بے احتیاطی سے جان کی بازی ہار جاتے ہیں جن کو بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشنٹ سیفٹی گولز میں مریض کی پہچان،انفیکشن کو روکنا، سٹاف کے درمیان کمیونیکیشن،سرجری میں غلطیوں سے بچنا،صحیح دوائی کا صحیح استعمال وغیرہ شامل ہیں۔ ڈین اور سی ای او گجوخان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر شمس الرحمن، ہسپتال ڈایریکٹر ڈاکٹر امجد محبوب، میڈیکل ڈایریکٹر ڈاکٹر شاہد نثار اور سیکرٹری بورڈ آف گونرز وارث خان نے پالیسی بورڈ ممبران کو ہسپتال میں ترقیاتی کاموں اور مریضوں کی بہتر علاج کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر  خیبر پختونخوا پالیسی بورڈ کی ٹیم کی جانب سے پیشنٹ سیفٹی کے حوالے سے سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں پالیسی بورڈ ممبران نے تفصیلی لیکچرز دیتے ہوئے بتایا کہ بی کے ایم سی پیشنٹ سیفٹی کے حوالے اہم کردار ادا کررہا ہے جبکہ سیمینار میں ہسپتال انتظامیہ کے علاوہ مختلف یونٹس کے ہیڈز،نرسنگ سٹاف،ٹیکنیشن اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔سیمینار کے بعد کے پی پالیسی بورڈ کی ٹیم نے ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی میٹنگ بھی کی اور پیشنٹ سیفٹی کے حوالے سے مزید کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس حوالے سے قائم کمیٹیوں کا بھی ذکر کیا گیا اور اس کی کارکردگی کو بھی جانچا گیا تاکہ علاج کے معیار اور پیشنٹ سیفٹی کے حوالے سے مزید کا کیا جا سکے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -