بلدیاتی انتخابات،سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کا جواب عدالت میں جمع

بلدیاتی انتخابات،سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کا جواب عدالت میں جمع

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے جواب عدالت میں جمع کرا دیاہے۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق جماعت اسلامی اور ایم کیوایم پاکستان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرا دیا گیا جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ بلدیاتی قوانین سے متعلق سپریم کورٹ کے یکم فروری کے فیصلے پرعملدرآمد کیا جارہا ہے۔جواب میں کہا گیا کہ صوبائی اسمبلی کے ممبران پر مشتمل سلیکٹ کمیٹی بنادی گئی ہے۔ سلیکٹ کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کو متناسب نمائندگی دی گئی ہے۔سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کی جانب سے جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ سلیکٹ کمیٹی کے مختلف تاریخوں میں اجلاس ہوچکے ہیں۔ سلیکٹ کمیٹی سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کا آرٹیکل 140 اے کی روشنی میں جائزہ لے رہی ہے۔جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ سلیکٹ کمیٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2022 کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے درخواستوں کی سماعت اگست کے تیسرے ہفتے تک ملتوی کردی۔

مزید :

صفحہ اول -