ریونیو موضع دیش بورڈ سے اراضی کا ڈیٹا محفوظ ہوگا: نبیل جاوید
لاہور(اپنے نمائندہ سے)سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے بورڈ آف ریونیو اور اربن یونٹ کے ریونیو موضع ڈیش بورڈ کا افتتاح کیا۔ ریونیو موضع ڈیش بورڈ کے افتتاح کی تقریب پی اینڈ ڈی کے آڈیٹوریم میں ہوئی جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی علی سرفراز حسین، سی ای او اربن یونٹ محمد عمر مسعود اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے کہا کہ اس جدید ڈیش بورڈ سے دہائیوں پر محیط ریونیو (مساوی) کا ڈیٹا محفوظ ہوگا۔اس طرح موضع حدود سے متعلقہ تمام معلومات کو دیگر محکموں کے لیے قابل استعمال اور قابل رسائی بنانا یقینی ہوگیا جس سے ریونیو کے شعبہ میں کرپشن و سست روی کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریونیو موضع ڈیش بورڈ حکومت کی پبلک سیکٹر کی ڈیجیٹائریشن پالیسی کا اہم حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ڈیش بورڈ سے شہری بھی استفادہ کرسکیں گے۔یہ ڈیش بورڈ موضع کی حدود کا تعین کرے گا۔ریونیو موضع ڈیش بورڈ معاشی اور معاشرتی ترقی کے اثرات کو بھی ظاہرکرے گا۔اس حوالے سے یہ بات خوش آئند ہے کہ بورڈ آف ریونیو اور اربن یونٹ کی ٹیم نے دن رات محنت کر کے تمام مساوی کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے۔اس طرح لینڈ ریکارڈ کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ڈیٹا و نقشوں تک رسائی، قدرتی آفات میں تجزیہ و بہتر منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔سی او اربن یونٹ محمد عمر مسعود نے کہا کہ تمام مساوی کی معلومات کو کمپیوٹرائز کر دیا گیا ہے۔بورڈ آف ریونیو نے سیٹلائیٹ امیجری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمانہ کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اس سسٹم کو مضبوط تر بنا کر پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ریونیو موضع ڈیش بورڈ جامع منصوبہ بندی اور لینڈ ریکارڈ کے استعمال میں نہ صرف معاونت کرے گا بلکہ جدید اور مکمل معلومات تک رسائی کو بھی یقینی بنائے گا۔