صنعت کاروں کے وفد کی آئی جی اختر حیات سے ملاقات
پشاور(سٹی رپورٹر) انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن پشاور کے صدر ملک عمران اسحاق کی سربراہی میں صنعت کاروں کی وفد نے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اخترحیات کی ان کے آفس میں اہم ملاقات کی۔ صنعت کاروں کے وفد میں گروپ لیڈر غضنفر بلور ٗ ایسوسی ایشن کے نائب صدر غلام محی الدین ٗ سیکرٹری جنرل ٗ ایگزیکٹو ممبران ایسوسی ایشن ریاض ارشد ٗ عدیل رؤف ٗ ملک نیاز احمد اور احمد مصطفی شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ایسوسی ایشن کے صدر ملک عمران اسحاق اور آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات کے درمیان بزنس کمیونٹی اور کارخانہ داروں کے تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا ختر حیات نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ پشاور میں سیکورٹی اور تحفظ کی فراہمی کو خاص اہمیت دیتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ ذاتی طور پر پولیس اور صنعت کاروں ٗ بزنس کمیونٹی کے درمیان مربوط روابط قائم کریں گے۔ آئی جی پی کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا ایک خاص مقام ہے جہاں پر پولیس کی موجودگی ٗ پٹرولنگ اور چوکس رہنے کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی پی خیبر پختونخوا نے پولیس کے متعلقہ اعلی افسران کو ہدایات کی کہ وہ انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں پولیس اسٹیشن کے قیام کے حوالے سے حتمی تجا ویز وسفارشات کااز سر نو جائزہ لیں تاکہ اس حوالے سے مالیاتی اور دیگر وسائل کی فراہمی کو بروقت یقینی بنایا جاسکے۔ ایسوسی ایشن کے وفدنے آئی جی پی خیبر پختونخوا کو اس بات پر باور کرایا کہ وہ چیف سیکرٹری انڈسٹریل اسٹیٹ کے مغربی سرحد پر سیکورٹی دیوار کی تعمیر کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اس حوالے سے کے پی ازمک اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے درمیان ایک مربوط تعاون اور مطابقت ہونا چاہئے تاکہ اس منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا نے انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد پشاور میں پولیس کی نفری اور پٹرولنگ کوبڑھانے سمیت ناکے لگانے کے حوالے سے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر ملک عمران اسحاق نے سابق سی سی پی او محمد اعجاز خان اور سا بق ایس پی کینٹ محمد اظہر خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سا بق سی سی پی او نے صنعت کاروں کے درمیان ایک مضبوط روابط قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔