اے ٹی پی کا بورڈ برائے حکمت و ایمانداری بنانے کا مطالبہ
پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے فوج اور حکومت کے نمائندوں پر مشتمل کابینہ اور معاشی کمیٹی کے اقدام کو بورڈ برائے حکمت و ایمانداری کی طرف بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ برائے حکمت و ایمانداری ہی سیاسی استحکام قائم کرنے،اقتدار کی رسہ کشی کے خاتمے اور کرپشن و شخصی سیاست کا خاتمہ کرے گا، بورڈ برائے حکمت و ایمانداری میں حکومت، اپوزیشن، فوج، عدلیہ، میڈیا، علماء، تھینک ٹینک، کاروباری طبقات، اور تمام اداروں اور عوامی طبقات کے نمائندے شامل ہوں جو مضبوط پالیساں تشکیل دیں جس سے ملک معاشی سپر پاور کا ذریعہ بن جائے، مکمل اقدامات کریں گے تو جلد بہتر نتائج آئیں گے، انہوں نے کہا کہ اس سے کرپشن کا ازخود خاتمہ اور احتساب ممکن ہو جائے گا، عوامی طبقات کی شمولیت سے انتشار سیاسی عدم استحکام اور نفرتوں کا خاتمہ ہوگا، پاکستان ترقی کرے گا۔محمد فائق شاہ نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ اقتدار کی رسہ کشی اور شخصی سیاست ہے جس نے پائیدار ترقی کا عمل شروع ہی نہیں ہو سکا، آج اس کی شدت سے ضرورت ہے تاکہ بندگلی سے نکلا جائے اور اصلاحات کے ذریعے ادارے مضبوط اور تیز رفتار کام کر سکیں ایسے ہی بورڈ ہر ادارے کے اندر بنائے جائیں تاکہ عوام کو براہ راست اقتدار و اختیار میں شامل کیا جائے یونین کونسل سے مرکز تک مضبوط نیٹ ورک ہو اور عوام اپنی بات پہنچا سکیں امن ترقی پارٹی پاکستان کو معاشی، دفاعی اور سیاسی استحکام اور سپر پاور معاشی نظام دینا چاہتی ہے حکومت اقدامات کرے۔