آبدوز میں پانچوں مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق، اہل خانہ کا بیان سامنے آ گیا

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹائی ٹینک کے ملبے کی تحقیق کیلئے جانیوالی آبدوز کی گمشدگی کے بعد پانچوں مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی، آبدوز ٹائٹن میں سوار شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان کی اموات پر داؤد خاندان کا بیان سامنے آ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی نژاد تاجر شہزادہ داؤد اور ان کے 19 سالہ بیٹے سلیمان کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہونے والے آبدوز کو تلاش کرنے کی کوششوں میں شامل تمام افراد کے شکرگزار ہیں۔
شہزادہ داؤد کے والدین حسین اور کلثوم داؤد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آبدوز ٹائٹن کے ریسکیو آپریشن میں شامل تمام لوگوں کی انتھک کوششیں ہمارے لیے طاقت کا باعث بنی تھیں ، ہم ان تمام افراد کے بھی مشکور ہیں جو اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔انہوں نے لکھا کہ ہمیں ملنے والی بے پناہ محبت اور حمایت اس ناقابل تصور نقصان کو برداشت کرنے میں مدد کرے گی۔
بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کیلئے جانے والے سیاحوں کی لاپتہ آبدوز ٹائٹن کا ملبہ ملنے کے بعد آبدوز بنانے والی کمپنی اوشن گیٹ نے اس میں سوار دو پاکستانیوں سمیت پانچوں افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی بدقسمت آبدوز ٹائٹن کو بنانے والی کمپنی اوشن گیٹ نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’افسوس کہ ہم پانچوں افراد کو ہمیشہ کیلئے کھو چکے ہیں۔‘ کمپنی اوشن گیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’"اب ہمیں یقین ہے کہ ہم ہمارے سی ای او اسٹاکٹن رش، شہزادہ داود اور ان کے بیٹے سلیمان داود، ہیمش ہارڈنگ اور پال ہنری نارجیولیٹ کو کھو چکے ہیں۔