دورہ پیرس کے دوران شہبازشریف نے دن خوشگوار بنانے پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کو پاکستان سے کونسا تحفہ بھجوانے کا وعدہ کر لیا ؟ دلچسپ گفتگو سامنے آ گئی

پیرس(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم شہبازشریف اور اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجاسر کے درمیان ملاقات میں دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہواجس نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا ، وزیراعظم پاکستان نے میٹھے آموں کا تحفہ بھجوانے کا وعدہ کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق شہبازشریف سے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر الجاسر نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان دیرینہ تعاون و مصروفیات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں وزیراعظم اور صدر اسلامی ترقیاتی بینک نے مختلف جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس میں آئی ایس ڈی بی کی شرکت پر ڈاکٹر الجاسر کا شکریہ اداکیا اور آئی ایس ڈی بی کے بعد از سیلاب بحالی اقدامات کو سراہا ۔وزیراعظم نے مالی امداد کا حجم بڑھانے میں ڈاکٹر الجاسر کے تعاون کا شکریہ ، قائدانہ کردار کا اعتراف کیا ۔وزیراعظم نے صدر آئی ایس ڈی بی کو جلد از جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
محمدڈاکٹر محمد الجاسر وزیراعظم شہبازشریف کو الوداع کہنے بیرونی راہداری تک آئے جبکہ دونوں کے درمیان آموں کو لے کر دلچسپ گفتگو بھی ہوئی ، شہبازشریف نے کہا کہ آپ نے میرا دن خوشگوار بنا دیا ، میں آپ کو بہترین میٹھے آموں کا تحفہ بھجواﺅں گا، ڈاکٹر الجاسر نے جواب دیا کہ ہم سب سے زیادہ وہی کھاتے ہیں، ہم ان کے بغیر نہیں ر ہ سکتے ، شہبازشریف جواب سن کر مسکرا دیئے ، محمد الجاسر نے مزید کہا کہ آپ یہ آم اُگاتے ہیں اور بھجواتے رہیں، ڈاکٹر محمد الجاسر کے جملے پر وزیراعظم و حاضرین نے قہقہے لگا دیئے ۔