سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو ریلیف دینے سے متعلق چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں: عطاء تارڑ

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ملزمان کو ریلیف دینے کیلئے چہ میگوئیاں ہورہی ہیں۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز "کے مطابق سپریم کورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے ملک میں دیگر کیس ختم ہو گئے، ملٹری کورٹس سے متعلق ایک رات پہلے درخواست آئی، اگلے دن کیس لگ گیا، ایسی کیا جلدی ہے کہ اسے روز سنا جا رہا ہے۔ اب جاتے جاتے لاڈلے کو ریلیف دینے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس عجلت کی کوئی منطق نہیں بنتی، یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ 9 مئی کے واقعات معمولی نوعیت کے تھے، ملٹری کورٹ کے فیصلے کیخلاف 3 جگہ اپیل ہو سکتی ہے۔ ملٹری کورٹ میں ملزم وکیل کر سکتا ہے تو پھر ڈر کس بات کا ہے۔