بھارت اور امریکہ کے مشترکہ اعلامیے پر عمران خان کی موجودہ حکومت پر تنقید ، بلاول بھٹو نے چئیر مین پی ٹی آئی کو آئینہ دکھا دیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو آئینہ دکھا دیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی وائٹ ہاؤس میں صدر جوبائیڈن سے ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بھارت کو نشانہ بنانے والی تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے۔
اعلامیے میں ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا۔مشترکہ اعلامیہ میں اقوام متحدہ کی فہرست میں شامل تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا بھی کہا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سرحد پار دہشتگردی کی بھی مذمت کی۔اعلامیے میں پاکستان پر زور دیا گیا کہ وہ یقینی بنائے کہ اس کے زیر اثر کوئی بھی علاقہ دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال نہ ہو، واضح کیا گیا کہ امریکہ اور بھارت عالمی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
اس اعلامیے پر رد عمل دیتے ہوئے عمران خان نے پی ڈی ایم حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا یا اور کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل باوجوہ نے پی ڈی ایم کے اپنے حواریوں کے ساتھ مل کر یہ دعویٰ کیا کہ میں نے پاکستان کو بین الاقوامی طور پر تنہا کردیا ہے، جنرل باجوہ اور پی ڈی ایم سے ہم یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ حکومت کے ایک سال اور پاکستانی وزیرِخارجہ کے امریکہ کے لاتعداد دوروں کے بعد بھی بھارت-امریکہ مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کو محض سرحد پار سے بھارت میں دہشت گردی کو ہوا دینے والے ایک کردار تک ہی محدود کردیا گیا ہے اور اس سے بڑھ کر اسے کچھ نہیں سمجھا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بہیمانہ خلاف ورزیوں یا بھارت میں اقلیّتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ہولناک سلوک کا کسی مناسب سے پیرائے میں ذکر تک موجود نہیں۔ لہٰذا امپورٹڈسرکار کے اس تجربے نے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر بالکل غیرمتعلّق ہی نہیں کردیا بلکہ ہماری جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور (ملک کا) پورا معاشی و ادارہ جاتی ڈھانچہ ہماری آنکھوں کے سامنے بکھر رہا ہے۔
اس کے جواب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عمران خان کے دور حکومت میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ملاقات کے بعد وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیے کی تصویر شئیر کردی جس میں بھی سرحد پار دہشتگردی اور ’پراکسی گروہوں‘ کی مذمت کرتے ہوئے مذمت کرتے ہوئے پاکستان سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ یہ یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین دہشتگرد حملوں کے لیے استعمال نہ کی جائے۔ ‘ اعلامیے میں ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا گیاتھا اور تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
????♂️ https://t.co/OXVl9ttlXF pic.twitter.com/H3eqnKGa66
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) June 23, 2023