ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل 
اس ہفتے مالی معاملات کے حوالے سے آپ کو اچھی خبریں ملیں گی۔ آپ کافی دنوں سے جن مشکلات کا شکار تھے وہ اب دور ہونا شروع ہو گئی ہیں اور جو لوگ خود کو بندش میں محسوس کر رہے تھے، وہ ان شاءاللہ اب اس سے آزاد ہوں گے۔ اس وقت اولاد کا خانہ بھی اچھے انداز سے کھلا ہے اور گھریلو ماحول میں بھی بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ جولوگ سفر کرنا چاہتے ہیں تیاری کر لیں۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی 
آپ کو اپنے حق سے محروم کرنے کی جو کوشش کی جا رہی ہے وہ کامیاب نہیں ہو گی اور ان شاءاللہ جلد آپ کو اپنا حق مل جائے گا اور کاروباری حضرات کے لئے بھی یہ ہفتہ خوشیوں کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔ جس بھی کام میں پہلے نقصان ہو رہا تھا وہ اب فائدے میں بدل جائے گا اور جن افراد نے اپنا نیا کام شروع کرنا ہے وہ اب تیاری پکڑیں ،اللہ نے چاہا تو وہ بڑی کامیابی کی طرف جانے والے ہیں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
جن افراد کو عرصہ دراز سے بندش نے جکڑ رکھا تھا اور وہ کسی بھی کام میں ہاتھ ڈالتے تھے ان کو ناکامی ملتی تھی، اب وہ دو تین یوم کے اندر ہی اس سے مکمل آزاد ہوں گے اور پھر ان کی زندگی میں ان شاءاللہ بہتری کا عمل شروع ہو جائے گا۔ حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں اللہ پاک سب اچھا کر دیں گے اور اب اپنوں سے دوری والا خانہ بھی کھل گیا ہے، اچھا ہے سازشی لوگوں سے نجات مل جائے گی۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
صورت ِ حال بدلنے میں دیر ہی کتنی لگتی ہے، آپ کو بس اپنے اللہ پاک پر یقین ہونا چاہئے اور تمام فضول کام چھوڑ کر صرف صراطِ مستقیم کے راستے پر چلیں گے تو دنوں میں حالات حیران کن طریقے سے بدلیں گے۔ ان دنوں جو دل میں بات بٹھا رکھی ہے اس کو نکال دیں، ہونا تو وہی ہے جو میرے اللہ نے چاہنا ہے اس لئے اس کی رضا پر راضی رہیں اور اس ہفتے ملنے والی ہر آفر کو غور سے دیکھیں۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
کسی غلط سمت سفر تو نہیں کر رہے جو آپ کو فائدہ نہیں ہو رہا ،ہو سکے تو استخارے کی مدد لے لیں تاکہ اصل سمت کا تعین ہو سکے۔ ان دنوں آپ کو اگر سیدھا راستہ مل گیا تو پھر یقین جانئے کہ آپ کا وہ سفر شروع ہوگا جس کی آپ تمنا بھی نہیں کر سکتے۔ اس وقت گھر میں جو کشیدگی جیسی صورتِ حال بنی ہوئی ہے،اس کو غصے کے بجائے حکمت ِعملی سے حل کرنے کی کوشش کریں خاص طور پر اولاد کے حوالے سے۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
ایک اہم مسئلے سے ان شاءاللہ نجات حاصل ہو سکے گی اور جو رکاوٹیں قدرتی تھیں یا دوسروں کی وجہ سے تھیں وہ اب ختم ہونے جا رہی ہیں۔ اب آپ کو کافی عرصے کے بعد سکون کا سانس نصیب ہوگا اور حالات تیزی سے مسلسل آپ کے حق میں بدلتے رہیں گے۔ اس وقت جو بھی آفر ملے اس کو اللہ کا نام لے کر پکڑ لیں، آپ کے لئے اس میں کافی کچھ ہے، خواہشمند افراد کے رشتے کی بات طے ہو سکے گی۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
بار بار بندش یا بدنظری کا شکار ہو جاتے ہیں،اس کی وجہ آپ کی زبان ہے جو بند ہی نہیں رہتی،ہر راز کو باہر نکال دیتی ہے پھر مشکل میں آ جاتے ہیں۔ جو لوگ کسی بھی الٹے سیدھے کام میں پڑے ہوئے ہیں اور دل کے ہاتھوں مجبور ہو کر ناجائز راستے پر بھی ہیں،ان کے لئے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی، وہ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں۔ جو توبہ کر کے سیدھے راستے پر آگئے ،ان کے وارے نیارے ہو جائیں گے۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ کو جس خبر کا انتظار تھا، وہ ان شاءاللہ جلد مل جائے گی۔ پریشان نہ ہوں اللہ پاک پر بھروسہ رکھیں، وہ بڑا ہی غفور و رحیم ہے۔ آپ کی نیت صاف ہو گی تو وارے نیارے ہو جائیں گے۔ اس ہفتے آپ کافی معاملات سے نجات حاصل کرنے کے علاوہ اپنی برسوں کی خواہش کو پورا ہوتا دیکھیں گے اور جو دروازے برسوں پہلے بند ہو چکے تھے، وہ اب ایک ایک کر کے ان شاءاللہ سب کھل جائیں گے۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
اپنے اندر کی صفائی کریں جو ابھی خرابی کو ظاہر کر رہی ہے ،الٹی سیدھی باتیں ہو رہی ہیں۔ اس لئے آگے بڑھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ واحد حل تو سچی توبہ ہے اور اس کے لئے انتظار نہیں کرنا فوری کرنی ہے، آئندہ کے لئے پھر دوبارہ اس راستے پر نہیں جانا۔ جو لوگ ایسا کریں گے وہ اس ملنے والے وقت میں وہ حاصل کر سکیں گے، جو ان لوگوں نے خواب میں بھی نہیں سوچا ہو گا۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری 
آپ کو اس ہفتے اپنے تمام معاملات میں بہتری مل رہی ہے ،اگر نیت صاف رکھی تو کامیابی کا وہ سفر شروع ہوگا، جس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ آپ کو چاہئے کہ اب فضول کام سارے چھوڑ دیں اور سیدھا راستہ اختیار کریں۔ ان دنوں کاروباری حضرات اگر کام تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو صرف ایک ماہ انتظار کر لیں، ان شاءاللہ موجودہ جگہ ہی بہتری آجائے گی اور تمام نقصانات کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری 
سب کچھ بہتری کی جانب چلا جائے گا جس دن آپ نے اپنے دل کے معاملے کو قابو میں کر لیا۔ آپ صرف الٹے سیدھے کاموں میں لگے ہوئے ہیں اور لا حاصل کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔ یہ خود کے ساتھ ظلم ہے اور پھر سب سے بڑھ کر نماز کے قریب بھی نہیں جاتے۔ جس کا قرآنِ پاک میں 700 بار ذکر آیا ہے اور حکم بھی، توبہ کر کے اپنے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لیں۔ پھر یہ دنیا آپ کے دو قدم کے نیچے ہو گی۔ ان شاءاللہ 
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
اللہ نے چاہا تو اس ہفتے بندش بھی ٹوٹ جائے گی اور پرانی سے پرانی بیماری بھی بھاگ جائے گی اور جس طرف امید لگا رکھی تھی، اللہ اس کو بھی پوری کریں گے۔ اپنے دل سے وہ خیال بس فوری نکال دیں جو پورا نہیں ہو سکتا ۔آپ خواب کے پیچھے کب تک بھاگتے رہیں گے ،جو قدرتی ملے وہ ہی آپ کا مقدر ہے اور اب وہ سلسلہ جلد بن جانے کی امید نظر آتی ہے جو آپ کی زندگی بدل دے گا۔ ان شاءاللہ۔