چارسدہ ،ڈکیتیاں، تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ

چارسدہ ،ڈکیتیاں، تاجروں کا احتجاجی مظاہرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چارسدہ (بیورو رپورٹ) چارسدہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پے در پے ڈکیتی کے وارداتوں کے خلاف فاروق اعظم چوک میں تاجرتنظیموں کا احتجاجی مظاہرہ ۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا ۔ حکومت اور پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی ۔ آج یوم پاکستان کے موقع پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور یوم سیاہ منانے کا اعلان۔ مرکزی تنظیم تاجران کے رہنماؤں کا چارسدہ کا دورہ۔ تاجروں کے ساتھ ہر قسم تعاون کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق غنی خان روڈ پر تاجر رہنماء حکیم اللہ فوجی سے دن دہاڑے 46لاکھ روپے چھینے اور شہر بھر میں ڈکیتی کے متعدد وارداتوں کے خلاف تاجر تنظیموں نے فاروق اعظم چوک میں صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس کے خلاف زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا ۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے تاجر تنظیموں کے رہنماؤں لعل محمد لعل ، حاجی صدیق اللہ ، حبیب اللہ ، میاں مفرق شاہ ، میاں رحم بادشاہ ، سید صالح شاہ اور دیگر نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور روز ڈکیتی اور رہزنی کے وارداتوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔ مقررین نے کہاکہ اس قسم کے واقعات کا رونماء ہونا پولیس کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو حکومت کی مثالی پولیس ہونے کی نفی کر تا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں اعلان کیا گیا کہ آج یوم پاکستان کے موقع پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور یوم سیاہ منائی جائیگی ۔دریں اثناء مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الہی ، جنرل سیکرٹری شکیل احمد اور دیگر عہدیداروں نے چارسدہ کا دورہ کرکے واقعہ کی شدید مذمت کی اور چارسدہ کے تاجر تنظیموں سے ہر قسم تعاون کا یقین دلایا ۔