واہگہ بارڈ پر پرچم اتارنے کی تقریب، شرکا کا جوش و خروش
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)یوم پاکستان کی مناسبت سے واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب میں رینجرز کے سپشل دستے نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا جب کہ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
ہرسال کی طرح امسال بھی یوم پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈ پر پرچم اتارنے کی روایتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مرد و خواتین سمیت ہر عمر کے افراد نے ملی جذبے سے شرکت کی۔ وطن عزیز سے محبت کے جذبے سے سرشار شرکا نے ملی نغمے گائے اور اپنے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔رینجرزکے سپیشل دستے نے شاندارپریڈ کا مظاہرہ کیا جب کہ بینڈ نے فنی صلاحیتوں کے جوہر سے شرکاکے دل موہ لیے۔ رینجرز سپیشل ایگزی بیشن ڈرل سکواڈ صرف قومی تہواروں پرہی پریڈ کا مظاہرہ کرتا ہے۔تقریب میں فضا پاکستان اور پنجاب رینجرز زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی جب کہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں نے شرکاکا لہو گرما دیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر رینجرز پنجاب بریگیڈئیر محمد عدنان عباسی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
واہگہ بارڈر پر آ ہنی دروازے کے اس پار بھارتی سٹیڈیم کا بالائی حصہ بالکل خالی پڑا رہا، بھارت نے پاکستان کے مقابلے میں کافی بڑا سٹیڈیم بنایا لیکن اسے عوام سے بھرنا مشکل ہوگیا ہے۔