چین کے صدر ، وزیراعظم اور وزیر خار جہ کا 80قومی دن کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد ی اور نیک خواہشات کا پیغام

چین کے صدر ، وزیراعظم اور وزیر خار جہ کا 80قومی دن کے موقع پر پاکستان کے عوام ...
چین کے صدر ، وزیراعظم اور وزیر خار جہ کا 80قومی دن کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد ی اور نیک خواہشات کا پیغام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیجنگ (آئی این پی) چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور وزیر خارجہ وانگ ژی نے پاکستان کے 80قومی دن کے موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد ی اور نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین پاکستان کے ساتھ سدا بہار سٹرٹیجک متعاون شراکت داری کو اعلیٰ بلندیوں پر لے جانے کا خواہاں ہے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ خطے کے امن و ترقی میں بھی اس کا مثبت کردار ہوگا، سی پیک متعدد شعبوں میں ثمر آور نتائج کے ساتھ ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہا ہے ، چین کی حکومت نے ہمیشہ چین پاکستان تعلقات کو خارجہ پالیسی میں اولین ترجیح دی ہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب ڈاکٹر  عارف علوی کے نام پیغا م میں پاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت استحکام برقرار رکھنے ، عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور اقتصادی ترقی تیز کرنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے ، خوش ہیں کہ اس سلسلے میں نتائج حاصل کیے جا چکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ صدر عارف علوی اور حکومت پاکستان کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر میں نئی پیش رفت ہو گی ، چینی صدر نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کا تحرک جاری ہے اور دونوں بیلٹ ایند روڈ اقدام کے تحت دونوں شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ خطے کے امن و ترقی میں بھی اس کا مثبت کردار ہوگا ۔ شی چن پنگ نے کہا کہ میں خطے کے امن و ترقی میں مثبت کردار کے لئے چین پاکستان تعلقات کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتاہوں اور چین پاکستان سدا بہار سٹرٹیجک متعاون شراکت داری کو اعلیٰ سطح پر لے جانے کے لئے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کام کرنا چاہیں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی قریبی چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کی جائے۔

چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے وزیر اعظم عمران خان کے نام اپنے پیغام میں پاکستان کے 80 ویں قومی دن کے موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان نے سدا بہار متعاون شراکت داری کو اعلیٰ سطح پر پہنچانے کے لئے کام کیا ۔ سی پیک متعدد شعبوں میں ثمر آور نتائج کے ساتھ ثابت قدمی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت نے ہمیشہ چین پاکستان تعلقات کو خارجہ تعلقات میں اولین ترجیح دی ہے ۔ چین کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاک چین سدا بہار تعزویراتی تعلقات کو بلند ترین سطح پر لے جانے اور ان کے تسلسل کے ساتھ فروغ کے لئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں اور پاکستان کی خوشحالی اور اس کی عوام کی بہتری کی خواہش رکھتے ہیں ۔

دریں اثناء چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے یوم پاکستان کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نام اپنے پیغام میں مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان چین کا سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار ہے ، دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے ایشوز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں ۔ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سی پیک کی مزید تعمیر اور دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے تیار ہے ۔