ضم شد اضلا ع میں نوجوانوں کیلئے سائنسی مقابلے کرانے کا فیصلہ
پشاور( سٹی رپورٹر)خیبر پختونخوا حکومت نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھتے ہوئے وہاں کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی غرض سے سائنسی مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں قبائلی با صلاحیت طلبہ و طالبات اور عام عوام کو سائنسی میدان میں اپنے آئیڈیاز اور منصوبوں کو مقابلے کیلئے پیش کرنے کا موقع ملے گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیراہتمام مذکورہ سائنسی مقابلے اس سال 17 اپریل کو منعقد ہوں گے جو ممکنہ طور پر ضم شدہ ضلع خیبر کے جرگہ ھال یا شلمان کالج میں منعقد ہونگے۔ مقابلوں میں ضم شدہ اضلاع خیبر،مہمند،باجوڑ،کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے طلباء و طالبات اور عوام حصہ لے سکیں گے۔ سائنسی مقابلوں میں ماڈلز،پروٹوٹائپ، جدید سائنسی نظریات اور سائنسی تحقیقی منصوبے شامل ہوں گے۔ اس سلسلے میں قبائلی اضلاع کے عوام کی صلاحیتوں کو منظر عام پر لانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا نے رجسٹریشن کا طریقہ کار وضع کرتے ہوئے خواہشمندوں کو 15 اپریل 2019 تک محکمہ کی ویب سائٹ سے فارم ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے ای میل پتہinfosipdy@gmail.com پر اپنے آئیڈیاز اور سائنسی منصوبوں کی تفصیل ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔