ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات کے خواہاں ہیں ، صدر ، وزیر اعظم

ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات کے خواہاں ہیں ، صدر ، وزیر اعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں ہم اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پردوستانہ اور پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن ہم یہ بھی واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہماری امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے ۔ پاکستان اپنے دفاع کی خاطر ہر قدم اٹھانے کا حق رکھتا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت دنیا کے ہر فورم پرجاری ر کھے گا۔یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 23؍مارچ وہ تاریخی دن ہے جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک ایسے علیحدہ وطن کا جمہوری مطالبہ کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا جس میں وہ اپنی زندگیاں اپنی اقدارو روایات خصوصاً انصاف ، برابری اور آزادی سے گزارسکیں۔ اس لیے آج اس موقع پر ہم بانیانِ پاکستان کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ان نظریات پر کاربند رہنے کا عزم کرتے ہیں جو نظریہ پاکستان کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر معمولی چیلنجز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوا ۔قوم نے غیر معمولی حالات میں ہمیشہ استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم ہمیں ابھی تک سماجی و معاشرتی میدان میں چیلنجز کا سامنا ہے ۔اس لیے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں مزید محنت درکار ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہم جمہوریت ، انصاف اور امن کے لیے پرُ عزم ہیں ۔ ہمارے پاس افرادی قوت اور قدرتی وسائل ہونے کی وجہ سے بے پناہ صلاحیتیں ہیں۔ ہماری منزل مقصود ایک ایسی ماڈل جمہوری ریاست کا حصول ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے دیکھا تھا ۔