سیاسی قیادت اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرے جو قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ہوئے کیا تھا:بلاول بھٹوزرداری

سیاسی قیادت اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرے جو قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ...
سیاسی قیادت اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرے جو قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ہوئے کیا تھا:بلاول بھٹوزرداری

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی سیاسی قیادت پر زور دیا ہے کہ انہیں اسی عزم و حوصلے کی پیروی کرنی چاہیئے، جس کا مظاہرہ ہمارے بزرگوں نے 80 برس قبل 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کو منظور کرتے ہوئے کیا تھا۔یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ہماری قوم آج کا دن ایسے حالات میں منا رہی ہے جب پوری دنیا ایک بڑے خطرے سے دوچار ہے اور جس نے کورونا وائرس کی وباء کی شکل میں ہمارے ملک کو بھی متاثر کیا ہے۔ ہمیں اس وقت ایک ملک گیر لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ قومی اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر حفاظتی اقدامات اٹھانے کی کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنے لوگوں کو بچا سکیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قراردادِ پاکستان ہمیں بنیادی رہنما اصول فراہم کرتے ہے، جن پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی قوم کو انسانی حقوق کے احترام، مساوات، امن اور خوشحالی کی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نظریہ پاکستان کے ساتھ ساتھ آٹھ دہائیاں قبل منظور کی گئی قراردادِ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہونے کے حیثیت میں ان کی جماعت بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خوابوں کو تعبیر دینے کی خاطر ہر ناانصافی اور ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ کرونا وائرس ہماری قوم کے لیئے ایک امتحان ہے جا کا مقابلہ ہمیں عزم و ہمت سے کرنا ہو گا۔

مزید : قومی