ضلعی انتظامیہ مزید زائرین کو ملتان میں ”ویلکم“ کرنے کیلئے تیار،ایک اور قرنطینہ بنانے کی اطلاعات

ضلعی انتظامیہ مزید زائرین کو ملتان میں ”ویلکم“ کرنے کیلئے تیار،ایک اور ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (نمائندہ خصوصی‘ سٹاف رپورٹر‘ سپیشل رپورٹر) ڈاکٹری تنظیموں کی جانب سے مسلسل احتجاج کے باوجود پنجاب(بقیہ نمبر9صفحہ10پر)

حکومت کی جانب سے قرنطینہ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کو اب تک حفاظتی کٹس فراہم نہیں کی جا سکیں جبکہ نہ ہی قرنطینہ میں موجود زائرین کے ٹیسٹ اور انکی رپورٹس کو پبلک کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہری شدید تشویش میں مبتلا ہیں اس پر سونے پر سہاگہ ضلعی انتظامیہ نے مزید زائرین ملتان میں رکھنے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے جس کے بعد متوقع طور پر ملتان آنے والے زائرین کو رکھنے کے لئے سرکاری یونیورسٹیوں کے ہاسٹلز کو قرنطینہ بنانے کے حوالے سے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں اس حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے کہ طالبات کے رفیدہ ہال کو خالی کر دیا جائے تاکہ وہاں قرنطینہ بنانے کے انتظامات کئے جا سکیں تاہم پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج،ڈاکٹر رانا خاور،ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر اور دیگر کابینہ ممبران نے اس فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے اندر یونیورسٹی کے کسی ہاسٹل کو ہرگز قرنطینہ نہیں بنانے دیں گے ایسا کیا گیا تو بھرپور احتجاج ہو گا ادھر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے چئیر مین ڈاکٹر خضر حیات نے گرلز ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبات اور ڈاکٹرز کے ہمراہ وائس چانسلر سے ملاقات کے دوران اس فیصلے کی شدید مذمت کی جبکہ ریفارمرز کے ڈاکٹر میاں عدنان نے کہا اس طرح کے کسی فیصلے کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ نشتر میڈیکل یونیوسٹی نے نیشنل ٹیلی میڈیسن سینٹر فار کورونا اپیڈیمک کنٹروک کے لئے نئے پاس آوٹ ہونے والے گریجویٹ ڈاکٹرز اور فائنل ایئر ایم بی بی ایس کے طالبعلموں کو رضا کارانہ طور پر خدمات دینے کے لئے مدد طلب کی ہے، داکٹرز اور طالبعلم جو رضا کارانہ طور پر کام کرنا چاہتے ہوں وہ پروفیسر ڈاکٹر محمد راشد راو قمر کو اپنا نام بھجوا سکتے ہیں، رضا کارانہ طور پر خدمات دینے والے ڈاکٹرز اور طالبعلموں کو سرٹفیکیٹس کے ساتھ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کی جانب سے 10 اضافی سی ایم ای نمبر بھی دیئے جائیں گے۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی نشتر ہسپتال ڈاکٹر امجد چانڈیو کھانسی نزلہ زکام بخار کی شکایت کے باوجود گزشتہ روز ڈیوٹی پر موجود رہے،جبکہ کورونا کے شبہ میں انکے نمونے بھی لیبارٹری بھجوائے جا چکے ہیں اسی طرح نشتر ہسپتال کے بیشتر ڈاکٹر باالخصوص آئی سو لیشن،شعبہ امراض سینہ اور ایمرجنسی شعبہ جات میں کام کرتے ڈاکٹر مختلف وبائی امراض کا شکار ہو رہے ہیں اور کورونا کے خوف کے پیش نظر کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں جبکہ انتظامیہ اب تک انہیں حفاظتی کٹس فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے،اس حوالے سے پائینرز یونٹی کے ڈاکٹر شاہد راو ڈاکٹر ساجد اختر اور دیگر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف نہ تو کوئی واضح حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے نہ ہے کسی ڈاکٹر کو حفاظتی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں،ایسے حالات میں جب کئی ڈاکٹر کورونا کے شبہ میں آنے والے مریضوں کا معائنہ کر رہے ہیں اور خود بھی بیمار پڑ رہے ہیں ایسے میں بھی حکومت ہوش کے ناخن نہیں لے رہی,بتایا جا رہا ہے نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن میں اس وقت بھی کورونا کے شبہ میں 3 ڈاکٹر زیر علاج ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے معلومات چھپائی جا رہی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صحت ضلع ملتان بھر کے تمام رورل ہیلھ سینٹرز اور تمام ٹاؤن ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں تعینات لیب ٹیکنیشنز اور لیب اسسٹنٹ کی کرونا وائرس کے مریضوں کی سیمپلنگ اور وائررس ٹرانسپورٹیشن میڈیم اور پرسنل پروٹیکشن ایکوپمنٹ کے حوالے سے سپیشل ٹرینینگ سیشن پیھتالوجی ڈیپارٹمنٹ نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں منعقد ہوا پرفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید نے کرونا وائرس کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا اور لیب میں ٹیسٹ اور مریضوں کے سیمپل لینے بارے احتیاطی تدابیر بتائیں پی ایم اے ملتان کے صدر ڈاکٹر مسعودالرؤف ہراج نے کہا کہ کرونا سے ڈرنا نہی لڑنا ہے ہم احتیاطی تدابیر اپنا کر کرونا وائرس سے بچ سکتے ہیں پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ملتان کے صدر ملک عمران یوسف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام میڈیکل سٹاف ڈاکٹرز۔نرسسز۔پیرا میڈکس جو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر کرونا وائرس کے خلاف لڑ رہے ہیں انکو اپنی حفاظت کے لیے پرسنل پروٹیکشن ایکویپمنٹ کٹ فراہم کی جاے تاکہ میڈیکل کیمونٹی سے وابستہ افرادکی حفاظت کویقینی بنایاجاسکے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے ڈی جی خان قرنطینہ میں مقیم ملتان سے تعلق رکھنے والے زائرین کی فیملیز کو راشن کے تھیلے فراہم کرنی کی ہدایت کی ہے۔راشن کے تھیلے میں 15 دن کے لیے اشیائے ضروریہ کا سامان ہو گا، ڈپٹی کمشنر عامرخٹک کا کہنا ہے کہ آٹا کا تھیلا راشن بیگ کے علاوہ فراہم کیا جائے گا، ملتان میں قائم قرنطینہ میں رہائش پذیر زائرین کے گھروں کے ایڈریس بھی حاصل کر لئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیبر ویلفیئر کمپلیکس ملتان کے قرنطینہ میں مقیم ضلع ملتان کے زائرین کے گھروں پر بھی راشن بیگ فراہم کئے جائیں گے جب کہ دوسرے اضلاع سے تعلق رکھنے والے زائرین کی فہرستیں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے بچاو کی احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے کمیٹی کے کنونئیر سابق پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمود شوکت ہوں  ، جبکہ ممبران میں ڈاکٹر ثاقب سعید، ڈاکٹر سائرہ افضل، ڈاکٹر واحد الزمان، ڈاکٹر عامر حسین، ڈاکٹر افتخار حسین، ڈاکٹر محمد خرم، ڈاکٹر خالد وحید، ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کورونا وائرس کے خطرات کو کم کرنے کے لیے جراثیم کْش پلان جاری کردیاہے اور دو دن کے اندر اہم عوامی مقامات کو کلورین ملے پانی سے دھونے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بڑے ہسپتال،تمام میٹرو اسٹیشنرز،بس اڈوں ،ریلوے اسٹیشن اور اہم مارکیٹوں کی دھلائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے خطرات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر کی ہدیت پر ایمرجنسی ریسکیو 1122 نے گزشتہ روز عوامی مقامات کو دھونے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ریسکیو کو واسا اور سول ڈیفنس کی گاڑیوں کی مدد بھی حاصل ہو ہے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہاہے کہ کرونا وائرس کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے شہری تعاون کریں،گھروں میں رہیں ورنہ انتظامیہ سختی کرنے پر مجور ہوجائے گی‘ علما کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات قرنطینہ میں مقیم افراد اور دیگر ضرورت مند افراد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔شہر کے مخصوص مقامات پر ڈس انفکشن پراسیس کیا جارہا ہے۔کمشنر ملتان کی ہدایت پر قرنطینہ میں ٹیسٹ کی جانچ کی فیسلٹی بناء جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قرنطینہ میں ہر شخص کو ایک کمرہ الاٹ کیا گیا ہے۔کسی ایک فیملی کو ایک کمرہ میں اکٹھا نہیں رکھا جاسکتا۔اسلئے منفی ویڈیوز سے قرنطینہ میں ڈیوٹی کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ ملتان انتظامیہ پورے طریقے سے متحرک ہے۔قرنطینہ کا ویسٹ مکمل طریقے سے تلف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ میں موجود افسر سے لے کر ہر ملازم کو سیلوٹ کرتا ہوں جو اپنی پروا کئے بغیر کام کر رہے ہیں۔۔سی پی او ملتان زبیر دریشک نے کہا کہ اسوقت مکمل لاک ڈاؤن نہیں ہے۔ہوم ڈیپارٹمنٹ کے واضح احکامات موجود ہیں۔مگر شہری اس وقت کو سیر و تفریح کا موقع نہ سمجھیں۔ ڈویژنل میڈیکل آفیسرریلوے ڈاکٹر اسماعیل ثاقب کے احکامات پر سنیئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبد السمیع نے ہسپتال سٹاف کے ہمراہ خانیوال جنکشن اور سلیپر فیکٹری خانیوال میں ڈیوٹی پر معمور 100 سے زائد ملازمین کی تھرمل سیکینر سے سکریننگ کی، تاہم کوئی بھی کورونا وائرس کے حوالے سے مشتبہ کیس سامنے نہیں آیا ہے، اس موقع پر ڈاکٹر سید عبدالسمیع کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا ضروری ہے،ملازمین ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھ صابن سے دھوئیں کیونکہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے ہاسٹلز کو قرنطینہ سنٹرز بنائے جانے کی اطلاعات پر یونیورسٹی کے مختلف اساتذہ‘طلبہ و سٹاف کی طرف سے یونیورسٹی حکام کو فون‘ تشویش سے آگاہ کیا۔ بتایا گیاہے کہ زکریا یونیورسٹی اس وقت اگرچہ بند ہے مگر وہاں اساتذہ وافسران کی تقریباً600رہائش گاہیں ہیں جہاں 3ہزار کے لگ بھگ افراد رہائش پذیر ہیں جن کا کہنا ہے کہ زکریا یونیورسٹی ہاسٹلز کو قرنطینہ سنٹرز بنایا جانا کسی بھی صورت میں مناسب نہیں ہے۔ طلبہ کے تحفظات ہیں کہ ہاسٹلز کو قرنطینہ سنٹربنائے جانے کے بعد اگر جراثیم کش سپرے بھی کر دیاجائے توکہیں اگر وائرس رہ گیا تو خدا نخواستہ طلبہ اس کی لپیٹ میں آسکتے ہیں جس کے باعث طلبہ خوف زدہ ہوں گے۔اس لئے یونیورسٹی ہاسٹلزکو قرنطینہ سنٹرز نہ بنایاجائے۔واضح رہے کہ یونیورسٹی کے رجسٹرار صہیب راشد اس بارے میں موقف دے چکے ہیں کہ ہاسٹلز کو خالی کرانے کا حکم موصول ہواتھاتاہم ابھی تک یونیورسٹی ہاسٹلز کو قرنطینہ سنٹرز بنائے جانے کا باضابطہ حکم موصول نہیں ہوا۔
ویلکم

بہاولپور‘ چوک سرور شہید‘ مظفر گڑھ‘ ڈیرہ‘ کہروڑ پکا (بیورو رپورٹ‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر بیورو رپور ٹ‘ نامہ نگار‘ تحصیل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) سول ہسپتال میں کروناوائرس کے علاج معالجہ کیلئے 107 بستروں کوابتدائی طورپر تیارکردیاگیاہے ابھی تک کروناوائرس سے (بقیہ نمبر10صفحہ10پر)

متاثرہ ایک بھی مریض رپورٹ نہیں ہواہے یہ بات ایم ایس سول ہسپتال بہاول پوررانامحمدیوسف نے گفتگوکرتے ہوئے کیاانہوں نے بتایا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق سول ہسپتال کوکوروناوائرس کے علاج معالجہ کے لئے مختص کیاگیاہے اور سول ہسپتال کو 4 زونزتقسیم کیاگیاہے اور27 وینٹی لیٹرز کے ساتھ 100 سے زائدڈاکٹرز کوتعینات کیاگیاہے انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے وضع کردہ اصول وقواعدپرعمل درامد کویقینی بنایاجائے تاکہ احتیاطی تدابیر سے کوروناو ائرس کوپھیلنے سے روکاجاسکے۔ چوک سرورشہید سے چار کلومیٹر دور گورنمنٹ ڈگری کالج چوک سرورشہید میں ہسپتال ڈکلئیر کرکے قرنطینہ سنٹر بنائے جانے کا امکان ہے معلوم ہوا ہے کہ ڈی سی مظفرگڑھ شعیب خان ترین نے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادوکو اسکے معائنہ کے لئے مقررکیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو اور تحصیلدار کوٹ ادو نے گزشتہ روز گورنمنٹ ڈگری کالج کا وزٹ کیا۔اس کے علاوہ میونسپل کمیٹی چوک سرورشہید کے عملہ صفائی سے کالج کی مکمل طور پر صفائی کرائی گئی جبکہ اس کالج کو پاکستان آرمی کے حوالے کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلقہ اطلاعات وخبروں کی ترسیل و جھوٹی خبروں اور افواہوں کی تردید کیلئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے انفارمیشن منیجمنٹ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جام آفتاب حسین موبائل نمبر 0333-6159554، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد شہزادموبائل نمبر0334-9992223، ایس این اے محمد سلیم موبائل نمبر0300-7872303اور اسسٹنٹ انفارمیشن آفس محمد ندیم قریشی موبائل نمبر 0345-8178119شامل ہیں، کمیٹی کورونا سے متعلق محکمہ جات سے رابطہ رکھے گی، الیکٹرونک میڈیا و پرنٹ میڈیا سمیت سوشل میڈیا کو خبریں فراہم کرے گی اورجھوٹی خبروں اور افواہوں کی تردید کرے گی۔ شاہصدردین کے رہائشی اسد ولد ریاض حسین جو دو روز قبل دبئی سے واپس لوٹا ہے جو گلے اور فلو کے مرض میں مبتلا تھا کہ اہل محلہ نے شبہ ظاہر کیا کہ اسے کرونا وائرس ہے افواہ پھیلنے پر والدین پریشان ہوگئے ذرائع کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ روز اس کا عام لیبارٹری میں ٹیسٹ کرایا گیا لیکن کرونا وائرس کا ٹیسٹ میں ثابت نہ ہوسکا جس پر اہل محلہ اکٹھے ہوئے آر ایچ سی شاہ صدر دین کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عارف لاشاری سے رابطہ کیا جو آج موقع پر آئے اور نوجوان ان کے حوالے کیا جس پر اسے شاہصدردین ہسپتال کی بجائے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کہروڑ پکا ہسپتال میں 30بیڈ کاآئسولیشن سنٹر قائم، کیا گیا ہے کرونا وا ئرس سے بچاو اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں 30بیڈ کا ا ٓئسو لیشن سنٹر تیار کر دیا گیا جہاں پر ڈا کٹروں اور نرسز پر مشتمل سٹاف تعینات کر دیا گیا ہے جو تین شفٹوں میں ڈیوٹی دے گا اس کے علا وہ کرونا وا ئرس سے متعلقہ ادویات بھی متعلقہ عملہ کے حوا لے کر دی گئیں ہیں ہر قسم کی ممکنہ صور تحال سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں اور سٹاف کو تر بیت دے دی گئی ہے آئسولیشن وارڈ میں کام کرنے والا سٹاف صرف وارڈ تک محدود رہے گا اگر کورونا وائرس سے متاثرہ مریض ہسپتال آیا تو اسے فوری طبی امداد مہیا کرنے کے بعد لودھراں،ملتان یا بہاولپور ہسپتال میں شفٹ کردیا جائے گا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر میاں افتخار احمد نے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ضلع لودھراں کا سب سے بڑا 30بیڈپر مشتمل آئسولیشن سنٹر بنا یا گیا ہے انہوں نے کہا کہ عوام حفاظتی اور احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں افوا ہوں پر دھیان نہ دیں حکو متی ہدایات پر گھروں تک محدود رہیں۔
سنٹر