کرونا وائرس‘ شہری اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لائیں‘ محسن لغاری

  کرونا وائرس‘ شہری اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لائیں‘ محسن لغاری

  



رحیم یارخان(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب محمد محسن لغاری نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو کورونا وائرس سے تحفظ اور اس وباء کو پھیلاؤ سے روکنے کے لئے اہم اقدامات اٹھانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد (بقیہ نمبر14صفحہ10پر)

کے ہمراہ ضلع میں غذائی اجناس کی طلب و رسد اور دستیابی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر سمیت پاکستان آرمی‘پنجا ب پولیس‘ محکمہ خوراک‘ لائیو سٹاک‘ انٹرپرائزز‘مارکیٹ کمیٹی‘ زراعت اور تمام تاجر تنظیموں کے عہدیداران موجود تھے۔صوبائی وزیر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت صوبہ کے عوام کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے مختلف آپشن پر غور کر رہی ہے جس کے لئے پیشگی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جس میں پہلی ترجیح عوام کو غذائی اشیاء، ادو یات سمیت ضروریات زندگی کی دیگر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے عوام خود اپنے آپ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں جس کے لئے انہیں اپنے معمولات زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے سماجی رابطوں میں واضح کمی اور خود کو اپنے گھروں تک محدود رکھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ شہری حکومت اور اداروں پر اعتماد کرتے ہوئے افواہوں پر دھیان نہ دیں حکومت اور ادارے ان کے تحفظ کے لئے ہر ممکن انسانی وسائل استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کو غذائی قلت کا سامنا نہیں جبکہ ضلع رحیم یار خان میں بھی تمام اجناس اور اشیاء ضروریہ وافر مقدار میں موجود ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ تاحال ضلع میں کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا‘ 7مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ بھجوائے گئے ہیں جس میں سے3کے منفی جبکہ دیگر مریضوں کی ٹیسٹ رپورٹ کا انتظار ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے اور شہری بھی اس سلسلہ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوامی تحفظ کے لئے حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کریں۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت قوموں پر امتحان ہوتا ہے اور ہم نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس مشکل وقت سے ایک قوم بن کر لڑنا اور سرخرو ہوناہے۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنی سماجی سرگرمیاں محدودرکھنے ہوئے انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے نکلیں اور خریداری مراکز پر دوسرے افراد سے مناسب فاصلہ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں کسی قسم کی غذائی قلت نہیں انتظامیہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور دستیابی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں تاجر برادری حکومت اور انتظامی اداروں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کو خود بے نقاب کرے جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح ہدایات ہیں کہ وہ حکومت پنجاب کی جانب سے دفعہ144کے نفاذ پر مکمل عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمات درج کرائیں اور تحصیلوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کریں۔

محسن لغاری

مزید : ملتان صفحہ آخر