کرونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں،اللہ سے رجوع کریں، مفتی تقی عثمانی

  کرونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں،اللہ سے رجوع کریں، مفتی تقی عثمانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) ممتاز عالم دین مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں وبائی شکل اختیار کرگیا۔ عوام خوفزدہ ہونے کے بجائے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اللہ سے توبہ استغفار کریں۔ رپورٹ کے مطابق مفتی تقی عثمانی نے کرونا وائرس کے حوالے سے عوام کے نام جاری پیغام میں زور دیا کہ کرونا وائرس عالمی وبا کی شکل اختیار کرگیا لہذا عوام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں اور خوفزدہ ہونے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایت پرپابندی مناسب ہے، ساتھ میں اللہ کی طرف رجوع کرکے استغفار،توبہ اور وبا کے دورہونیکی دعا کی جائے اور خیرات بھی کی جائے۔مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ مستند ڈاکٹرز سے علاج کروائیں اور ان کے ہی مشوروں پر عمل کریں، خوف پھیلانے کے بجائے احتیاط کا پہلو اختیار کیا جائے،بڑے اجتماعات پر عائد ہونے والی پابندی پر عمل درآمد کریں اور شادی بھی سادگی سے کریں اور اگر نہیں کرسکتے تو پھر اسے مؤخر کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ مساجد میں بھی صرف فرض نماز کی حد تک لوگ جمع ہوں اور سنتیں گھر پر ہی ادا کریں،عوام وضو بھی گھر سے کرکے آئیں تاکہ اجتماع کا وقت کم سے کم ہو، ہاتھوں کو بار بار دھونے کا اہتمام کیا جائے۔مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر مختلف علاج یا خبروں پرعمل نہ کریں اور ذمہ داری کا مظاہر ہ کرتے ہوئے انہیں آگے نہ پھیلائیں، اس معاملے میں طبی ماہرین کے مشوروں پر ہی عمل کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں میں بیٹھ کر لوگ روزانہ کم از کم 100 بار آیتِ کریمہ کا ورد کرے، خود کو گھروں میں مخصوص کرلیں اور کھانے پینے سے پہلے سنت نبوی ﷺ کے مطابق بسم اللہ پڑھیں۔مفتی تقی عثمانی نے دعا کی کہ اللہ اہل وطن اور تمام انسانوں کو اس موذی وبا سے محفوظ رکھے۔یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد 646 تک پہنچ گئی جبکہ تین مریض دوران علاج دم توڑ گئے اسی طرح پانچ مریض صحت یاب بھی ہوئے۔صوبوں کی صورتحال دیکھی جائے تو اب تک سندھ میں کرونا کے 292 کیسز سامنے آئے، پنجاب میں 152، بلوچستان 104، خیبرپختونخواہ میں 31، اسلام آباد 11، گلگت بلتستان 55 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔