قرنطینہ میں 452 زائرین ٹیسٹ منفی آنے پر گھر بھیج دیئے، لیاقت شاہوانی
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے قرنطینہ سینٹر میں مقیم 452 زائرین کو ٹیسٹ منفی آنے پر ان کے گھروں کو بھیج دیا ہے، صوبائی حکومت کرونا سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔گزشتہ روزیہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں کرونا وائرس پر بریفنگ دیتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے کہا کہ دنیا کو کرونا وائرس کا چیلنج درپیش ہے۔ حکومت کیساتھ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ احتیاط اور سوشل ڈسٹینس ہی کرونا وائرس کا واحد حل ہے۔ بلوچستان حکومت عوام کے مسائل کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن نہیں کر رہی۔ کرونا کے تدارک کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ وفاق صوبائی حکومت کو آلات فراہم کر رہی ہے۔ کوئٹہ میں آج 24 شوروم اور 78 ریستورینٹ سیل کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ خود آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخیر اور کاروباری حضرات غریبوں کا خیال رکھیں اور ان کے راشن کی ذمہ داری اٹھائیں۔ لاک ڈاؤن کے حوالے سے پاک فوج کی خدمات حاصل کرنے کے لئے وفاق کو خط لکھا ہے۔ اب تک بلوچستان میں 104 افراد کرونا سے متاثر ہیں۔
لیاقت شاہوانی